|

وقتِ اشاعت :   August 25 – 2018

 واشنگٹن: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے وزیرخارجہ مائیک پومپیوکا دورہ شمالی کوریا منسوخ کروادیا۔

بین الاقوامی میڈیا رپورٹس کے مطابق مائیک پومپیو کی جانب سے دورہ شمالی کوریا کے اعلان کے 24 گھنٹوں بعد ہی ڈونلڈ ٹرمپ نے وزیرخارجہ کو شمالی کوریا کا دورہ کرنے سے روک دیا۔

اپنے ٹوئٹ میں امریکی صدر نے لکھا کہ میں نے وزیرخارجہ مائیک پومپیو کو اس وقت دورہ شمالی کوریا کرنے سے منع کیا ہے کیونکہ مجھے لگتا ہے کہ شمالی کوریا نے جوہری ہتھیاروں کی روک تھام کے لیے اقدامات آگے نہیں بڑھائے۔

ڈونلڈ ٹرمپ نے مزید لکھا کہ وزیرخارجہ مستقبل قریب میں شمالی کوریا کا دورہ کرسکتے ہیں لیکن ایسا امریکا چین اقتصادی جنگ کے حل کے بعد ہی ممکن ہے۔

وائٹ ہاؤس کی سیکرٹری سارہ سینڈرز کا کہنا ہے کہ ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے دورہ منسوخی کے ٹوئٹ کے وقت مائیک پومپیو بھی اسی کمرے میں موجود تھے ۔