|

وقتِ اشاعت :   August 30 – 2018

کراچی: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رکن قومی اسمبلی عامر لیاقت حسین کے بعد پی ٹی آئی کے ایک اور ایم این اے  آفتاب جہانگیر پارٹی سے ناراض ہوگئے۔

آفتاب جہانگیر نے پی ٹی آئی سے احساس محرومی کا اظہار کرتے ہوئے بتایا کہ ہم بھی کراچی سے منتخب ہوئے ہیں لیکن افسوس ہےکہ چاہے اسلام آباد ہو یا کراچی ہمیں نظر انداز کیا جارہا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ ایم کیو ایم سے ملاقات ہو یا ادارہ نورحق کا دورہ ہمیں نظر انداز کیا جارہا ہے ہم سے پوچھا نہیں جارہا ہے۔

آفتاب جہانگیر نے پی ٹی آئی کے صدارتی امیدوار ڈاکٹرعارف علوی سے مطالبہ کیا کہ ‘آپ کراچی کے بڑے ہیں یہ معاملات دیکھیں’۔

یاد رہے کہ آفتاب جہانگیر کراچی کے حلقہ این اے 252 سے رکن قومی اسمبلی منتخب ہوئے ہیں۔

دو روز قبل عامر لیاقت نے بھی گورنر سندھ عمران اسماعیل کی حلف برداری کی تقریب کے بعد عشائیے میں مدعو نہ کرنے پر شدید غصے کا اظہار کیا تھا اور انہوں نے سندھ کی پارلیمانی پارٹی کا واٹس ایپ گروپ بھی چھوڑ دیا تھا۔

دوسری جانب گورنر ہاؤس اور پی ٹی آئی ذرائع کا کہنا ہے کہ عامر لیاقت کی ناراضگی بلاجواز ہے۔

پی ٹی آئی کراچی قیادت کے عامر لیاقت حسین سے معاملات طے پاگئے ہیں۔

پروگرام ’آپس کی بات‘میں گفتگو کرتے ہوئےپی ٹی آئی کے ایم این اے نجیب ہارون نے بتایا کہ عامر لیاقت حسین سے رابطہ ہو گیا ہے، صدارتی انتخاب میں عارف علوی کو ہی ووٹ دیں گے۔

انہوں نے کہا کہ گورنر ہاؤس کراچی میں ملاقات کی دعوت کی اطلاع انہیں فون اورواٹس ایپ پر دی گئی۔

اس معاملے پر پی ٹی آئی کراچی کے صدر فردوس شمیم نقوی کا کہنا تھا کہ اگر گروپ پر عامر لیاقت نے میسیجز نہیں دیکھے یا غلط نمبر دیا تواس میں پارٹی کا کیا قصور؟ اور جب عشائیہ ہوا ہی نہیں تو کسی کو بلانا نہ بلانا کیسا؟ 

علاوہ ازیں پی ٹی آئی کے رہنما سینیٹر فیصل جاوید نے عامر لیاقت کے الزامات کو وزارت نہ ملنے پر واویلا قرار دیا اور انہیں آزاد حیثیت میں انتخاب لڑ کر جیتنے کا چیلنج دیا۔