|

وقتِ اشاعت :   August 30 – 2018

 لاہور: پنجاب کے وزیر اطلاعات و ثقافت فیاض الحسن چوہان نے نجی ٹی وی کے پروگرام میں نازیبا زبان استعمال کرنے پر معذرت کی ہے۔

فیاض الحسن چوہان نے گزشتہ روز نجی ٹی وی کے پروگرام میں شرکت کی۔ میزبان نے ان کی پرانی ویڈیوز آن ایئر نشر کیں جس میں وہ شیخ رشید اور شریف خاندان پر تنقید اور نازیبا زبان استعمال کررہے تھے۔

اس پر صوبائی وزیر اطلاعات سیخ پا ہوگئے اور نہ صرف چینل کو گھٹیا کہا بلکہ مائک پٹخ کر گالیاں بھی دیں۔ اس کے ساتھ ہی انہوں نے اپنے مخالفین کے بارے میں بھی ایک بار پھر نازیبا الفاظ استعمال کیے۔

فیاض الحسن چوہان کو اس رویے پر سوشل میڈیا پر شدید تنقید کا نشانہ بنایا گیا جس پر انہوں نے معذرت کی ہے۔ ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں صوبائی وزیر اطلاعات نے کہا کہ آف دی کیمرہ کلپ چلانا صحافت کی اخلاقیات کے خلاف ہے، پورے پروگرام میں تحمل کے ساتھ انتہائی منفی سوالات کے جواب دیے، پروگرام ختم ہونے کے بعد آف کیمرہ میرے متعلق کلپ چلایا گیا، اس کے باوجود میں معذرت خواہ ہوں۔