|

وقتِ اشاعت :   September 1 – 2018

 اسلام آباد: سول ایوی ایشن حکام کا کہنا ہے کہ شاہین ایئر کے ریگولر ٹرانسپورٹ لائسنس میں ایک ماہ کی توسیع کی گئی ہے اور ایئرلائن کو صرف حجاج کرام کو واپس لانے کی اجازت دی گئی ہے۔

 نجی ایئرلائن کو حجاج کرام کو وطن واپس لانے کی اجازشت مل گئی ہے اور اس کے ریگولر پبلک ٹرانسپورٹ لائسنس میں 30 ستمبر تک توسیع کردی گئی ہے۔

سول ایوی ایشن حکام کے مطابق شاہین ایئر کا لائسنس 30 اگست کو منسوخ کیا گیا تھا، لائسنس منسوخ ہونے کی وجہ سے حج آپریشن رک گیا اورسعودی عرب میں 1500 سے زائد حجاجِ کرام پھنس گئے، اس لئے پابندی کے باوجود نجی ایئرلائن کو انسانی بنیادوں پر صرف حج آپریشن کی خصوصی اجازت دی گئی ہے۔

ترجمان سول ایوی ایشن کا کہنا ہے کہ شاہین ائیر کے ریگولر پبلک ٹرانسپورٹ لائسنس میں 30ستمبر تک توسیع کردی گئی ہے، خصوصی اجازت اور آر پی ٹی میں توسیع صرف حجاج کرام کی واپسی کے لیے کی گئی ہے اور حج پروازوں کے علاوہ دیگر پروازیں چلانے کی قطعی اجازت نہیں ہے۔

ترجمان سول ایوی ایشن کے مطابق سعودی عرب میں پھنسے حاجیوں کی واپسی آج سے شروع ہوجائے اور حج آپریشن کے لیے شاہین ائیر کے پاس صرف ایک جہاز موجود ہے، ائیر لائن انتظامیہ کو باور کروایا گیا ہے کہ ریزرو کے لیے ایک اور جہاز کی ائیر وردی کروالیں۔

واضح رہے کہ ایف بی آر نے فیڈرل ایکسائز ڈیوٹی کی مد میں ایک ارب 40 کروڑ اور سول ایوی ایشن کی ڈیڑھ ارب روپے کی نادہندہ ہونے کے باعث شاہین ایئرلائن کا ہیڈ آفس کو سیل کردیا تھا جب کہ  واجبات کی عدم ادائیگی پرسول ایوی ایشن نے ائیرلائن کی تمام ملکی اور غیر ملکی فلائٹس پر پابندی عائد کردی تھی۔