|

وقتِ اشاعت :   September 4 – 2018

کوئٹہ:  بلوچستان نیشنل موومنٹ کے سربراہ ڈاکٹر عبدالحئی بلوچ نے ایک اخباری بیان کے ذریعے متحدہ اپوزیشن کے تمام قائدین سے درخواست کی ہے کہ کل ہونے والے صدارتی انتخابات کے موقع پر باہمی اتفاق و یکجہتی کے ذریعے ایک متعلقہ امیدوار کاچناؤ کریں ۔

تاکہ حکومتی بنچز کو سرپرازدیکر صدارتی انتخاب کا واضح امکان پیدا کرسکیں اس حقیقت سے کوئی ذی شعور شہری انکار نہیں کرسکتا کہ ماضی میں سیاسی قائدین ‘ کارکنوں ‘ میڈیا پرسنز ‘ دانشور حضرات اور اہل قلم نے حقیقی جمہوری اقدار و حقیقی وفاقیت کے لئے لازوال قربانیاں دی ہیں اور گزشتہ سترسال سے یہ انتھک جدوجہد کی جاری و ساری ہے مگر اس کے باوجود حقیقی جمہوریت حقیقی وفاقیت اورمعاشی نابرابری کا خاتمہ کی منزل ابھی تک دور ہے ۔

متحدہ اپوزیشن کے قائدین بخوبی واقف ہیں کہ اس وقت پنجاب کے محنت کش عوام مسلم لیگ (ن) کی قیادت میں پارلیمنٹ کی مکمل بالادتی کے حصول کے لئے نہ صرف ایک موثر آواز ہو کر بلکہ فیصلہ کن جدوجہد کو پایہ تکمیل تک پہنچانے کے لئے ہر قسم کی قربانیں دینے کے لئے ہمہ وقت تیار ہیں ۔

اس کی واضح مثال مسلم لیگ (ن) کے عظیم قائدمیاں محمد نوازشریف بمعہ اپنے بیٹی محترمہ مریم نواز اور اپنے داماد صفدر کیساتھ عوام کی حق حکمرانی کی خاطر ‘ بہادری اور دلیری کے ساتھ قید وبند کی صعوبتیں برداشت کررہے ہیں ۔

بلوچستان سندھ ‘ خیبرپختونخواہ اور سرائیکی و سیب کے محنت کش عوام اور سیاسی کارکنان ‘ طویل عرصے سے جدوجہد کرتے چلے آرہے ہیں اپنے حق حاکمیت ساحل و وسائل کی خاطر بے شمار قربانیاں دیتے چلے آرہے ہیں ۔

میری بصد احترام پیپلزپارٹی کی اعلیٰ قیادت سے اپیل ہے کہ وہ اپوزیشن کو متحد رکھنے کی خاطر اپنے فیصلے پر نظرثانی فرما کر متحدہ اپوزیشن کے صدارتی امیدوار کو کامیاب کرنے میں اپنا بھرپور کردار ادا کریں یہ لنگڑی لولی جمہوریت بھی متحدہ و مشترکہ جدوجہد کی مرہون منت ہے اب وقت آگیا ہے کہ متحد ہو کر آگے بڑھیں اور حقیقی جمہوریت اور حقیقی وفاق کے لئے مشترکہ حکمت عملی کے ذریعے تاریخی جدوجہد کو کامیابی سے ہمکنار کرنے کے لئے سب ملکر اپنا کردار ادا کریں ۔