|

وقتِ اشاعت :   September 6 – 2018

کوئٹہ:  وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال خان سے بدھ کے روز جعفرآباد کے ایک وفد نے عطاء اللہ خان بلیدی کی قیادت میں ان سے یہاں ملاقات کی۔ صوبائی وزراء میر عارف جان محمدحسنی اور میرنصیب اللہ مری بھی اس موقع پر موجود تھے۔ 

وفد نے وزیراعلیٰ کو ضلع جعفرآباد کو درپیش مختلف مسائل بالخصوص آبپاشی اور پینے کے پانی کے حصول میں درپیش مشکلات سے آگاہ کیا اور ان کے فوری حل کے لئے درخواست کی۔ وفد سے بات چیت کرتے ہوئے وزیراعلیٰ نے کہا کہ حکومت صوبے کے تمام اضلاع کی یکساں ترقی اور بنیادی سہولیات کی فراہمی کے لئے کوشاں ہے اور اس سلسلے میں تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔

وزیراعلیٰ نے کہا کہ حکومت بلوچستان ارسا معاہدے کے تحت اپنے حصے کے پانی کے مکمل حصول کے لئے جامع منصوبہ بندی کررہی ہے اور یہ مسئلہ سندھ اور وفاقی حکومت کی سطح پر اٹھایا جائے گا تاکہ پانی کی تقسیم منصفانہ بنیادوں پرہو۔ 

وزیراعلیٰ نے وفد کو یقین دلایا کہ حکومت جعفرآباد کے زمینداروں کو آبپاشی اور پینے کی فراہمی میں کوئی کسر اٹھا نہیں رکھے گی اور پٹ فیڈر اور کیرتھرسے پانی کی منصفانہ تقسیم کو بھی یقینی بنایا جائے گا۔

وزیراعلیٰ نے کہا کہ حکومت صوبے کے عوام کا معیار زندگی بہتر کرنے کے لئے تعلیم، صحت، پینے کے پانی سمیت تمام بنیادی سہولیات کی فراہمی پر یقین رکھتی ہے جو عوام کا حق ہے اور حکومت اپنی یہ زمہ داری پورا کرے گی۔ وفد نے وزیراعلیٰ کا شکریہ ادا کرتے ہوئے ان کی کامیابی کے لئے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔