|

وقتِ اشاعت :   September 6 – 2018

اسلام آباد : الیکشن کمیشن نے مبینہ طور پر افغان شہری کے رکن بلوچستان اسمبلی منتخب ہونے کے معاملے پر وزارت داخلہ اور نادرا کو الگ الگ رپورٹ جمع کرانے کا حکم دیا ہے ۔

میڈیا رپورٹ کے مطابق بدھ کو الیکشن کمیشن میں مبینہ طور پر افغان شہری کے رکن بلوچستان اسمبلی منتخب ہونے سے متعلق معاملے پر ممبر سندھ عبد الغفار سومرو کی سربراہی میں تین رکنی بینچ نے سماعت کی ، پی بی 26 سے کامیاب امیدوار احمد علی کے وکیل ربیع بن طارق الیکشن کمیشن کے سامنے پیش ہوئے جبکہ وزارت داخلہ اور نادرا حکام بھی الیکشن کمیشن کے سامنے پیش ہوئے ٗوزارت داخلہ نے احمد علی سے متعلق رپورٹ الیکشن کمیشن میں جمع کرا دی۔

الیکشن کمیشن نے وزارت داخلہ کو جامع رپورٹ جمع کرانے کی ہدایت کر دی جبکہ نادرا سے بھی احمد علی سے متعلق الگ رپورٹ طلب کر لی،ممبر خیبر پختونخوا نے کہا کہ ریکارڈ بتا رہا ہے احمد علی نے پہلے بھی الیکشن میں حصہ لیا ہے۔

ٗاس وقت کوئی ایکشن کیوں نہیں لیا گیا،کیا نادرا ان چیزوں کا ذمہ دار نہیں ہے؟وزارت داخلہ نے احمد علی سے متعلق جامع رپورٹ جمع کرانے کیلئے دو ہفتوں کا وقت مانگ لیا۔

احمد علی کے وکیل ربیع بن طارق نے کہا کہ 25 دن سے ہماری کامیابی کا نوٹیفکیشن روکا گیا ہے۔احمد علی اس وقت پاکستان کا شہری ہے ۔ الیکشن کمیشن نے وزارت داخلہ اور نادرا کو جامع رپورٹ جمع کرا نے کا آخری موقع دیتے ہوئے کیس کی سماعت 17ستمبر تک ملتوی کر دی ۔