|

وقتِ اشاعت :   September 7 – 2018

 واشنگٹن: امریکا نے معروف الیکڑانک اور فلم ساز کمپنی سونی پکچرز پر 2014 میں سائبر حملہ کرنے والے اور 2017 میں بنگلہ دیش کے مرکزی بینک کو ہیک کرنے والے ہیکر کا پتہ لگا لیا ہے۔

بین الاقوامی خبر رساں ادارے کے مطابق امریکی ادارے نے دعویٰ کیا ہے کہ 2014 میں سونی پکچرز پر سائبر حملہ کر کے اہم معلومات حاصل کرنے اور 2017 میں دنیا بھر میں ایک وائرس ’وانا کرے‘ کے ذریعے بنگلہ دیش کے مرکزی بینک سمیت بڑے پیمانے پر کمپیوٹر سسٹم ہیک ہونے کے واقعات میں شمالی کوریا ملوث ہے۔

امریکی محکمہ انصاف کی جانب سے جاری اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ شمالی کوریا کا شہری ’پارک جن‘ دنیا بھر میں سائبر حملوں کا مرکزی کردار رہا ہے اور اسے شمالی کوریا کی حکومت کی حمایت بھی حاصل ہے۔ ہیکر ’پارک جن‘ جس کمپنی کے لیے کام کرتا ہے وہ کمپنی شمالی کوریا کے ملٹری انٹیلی جنس یونٹ ’ لیب 110‘ سے منسلک ہے۔

امریکی محکمہ انصاف نے سائبر حملوں میں ملوث شمالی کوریا کے شہری پارک جن اور ان کی کمپنی سوشان جوائنٹ ایڈوانچر ایونٹ پر امریکا میں داخلے اور کاروبار پر پابندی عائد کردی ہے۔

pARK

امریکا نے شمالی کوریا کے ہیکر پر کمپیوٹر فراڈ اور وائر فراڈ میں سازشی کردار ادا کرنے کی دفعات کے تحت ملزم قرار دیا ہے جس میں اول الذکر جرم میں 5 سال اور موخر الذکر جرم میں 20 سال تک قید کی سزا ہو سکتی ہے تاہم امریکا اور شمالی کوریا کے درمیان قیدیوں کے تبادلے کا معاہدہ نہ ہونے کے باعث سزا پر عمل در آمد ہوتا نظر نہیں آتا۔