حب: صوبائی وزیرقانون پارلیمانی امور بلدیات ودیہی ترقی وخوراک سردار صالح محمد بھوتانی نے کہا ہے کہ اختیارات کی نچلی سطح پر منتقلی وزیر اعظم پاکستان کا وژن ہے بلوچستان کے عوام کی امنگوں کے مطابق ایسا بلدیاتی نظام بلوچستان میں لائیں گے جس سے نچلی سطح پر عوام کو ریلیف ملے اور انکے مسائل انکی دہلیز پر حل ہوں۔
ان خیالات کا اظہار انھوں نے حلقہ انتخاب حب آمد کے موقع پر اپنے اعزاز میں دیے گئے استقبال کے لئے سے خطاب کرتے ہوئے کیا اس موقع پر چےئرمین میونسپل کمیٹی گڈانی وڈیرہ عبدالحمید بلوچ ، چےئرمین یونین کونسل حبکو حمل بزنجو ، کونسلران خالقدار ڈگارزئی ، گل حسن ،غوث بخش بزنجو اقبال جاموٹ ایڈوکیٹ سمیت حب وندر ساکران اور مختلف گوٹھوں سے آئے ہوئے معتبرین وکونسلران اور ووٹرزموجود تھے ۔
صوبائی وزیر نے کہا کہ الیکشن میں تاریخی کامیابی اللہ کی مہربانی اور ووٹرز کی مرہون منت ہے ہم پر اعتماد کرکے ہمیں عوامی نمائندگی کا جو اعزاز بخشاہے ہماری کوشش ہوگی کہ لسبیلہ کی ترقی کیلئے ہم نے جو کوششیں کی ہیں وہ کامیابی سے پایہ تکمیل تک پہنچیں ،لسبیلہ سی پیک روٹ کا حصہ ہے حب بائی پاس منصوبے کی جلد تکمیل کیلئے حکومت کوشاں ہے این ایچ اے بھی اس منصوبے میں دلچسپی رکھتی ہے ۔
ہم اس معیار کا کوریڈور بنانا چاہتے ہیں کہ سی پیک کے حوالے سے قومی شاہراہ سے ملحقہ بائی پاس صنعتی شہر حب کی ترقی میں فائدہ مند ثابت ہو،اس منصوبے کی فیزیبلٹی سمیت ہرسطح پر شفافیت یقینی بنائی گئی ہے انہوں نے کہا کہ حب بائی پاس منصوبے کے سیکشن فور پر کام کا آغاز زمینداروں کو معاوضو ں کی ادائیگی کے بعد شروع ہوگا۔
ساحلی تحصیل گڈانی کے ترقیاتی پیکیج پر بھی عملدرآمد یقینی بنائیں گے ،لنگ لوہار سے لیکر ساکران اور وندر کے علاقے بھی ترقیاتی منصوبوں میں شامل ہونگے ہم نے عوام سے جو وعدے کئے ہیں وہ نبھائیں گے ،اسکولوں کی اپ گریڈیشن منصوبے پر بھی عملدرآمد کویقینی بنایا جائیگا صوبائی وزیر نے کہا کہ ہر یونین کونسل میں گرلز اور بوائز ہائی سکول قائم کئے جائیں گے ۔
انھوں نے کہا کہ لسبیلہ میں جو بھی شخص پیدا ہوا ہے اسے ووٹ کا حق حاصل ہے لہٰذا انہیں لوکل سمجھا جائے ، صوبائی وزیر نے کہا کہ وزیر اعلی بلوچستان نواب جام کما ل خان کی حکومتی ترجیحات میں امن وامان کا قیام ، تعلیم وصحت عامہ کے سہولیات کی فراہمی اور انصاف کی فراہمی کیلئے پولیس کے نظام کی بہتری کیلئے اقدامات بھی شامل ہیں ۔
صوبائی وزیر نے کہا کہ مخلوط حکومت کو بلوچستان کے عوام کا مینڈیٹ حاصل ہے انشاء اللہ عوامی خدمت کا سفر عاجزی اور انکساری سے جاری رکھیں گے اور اتحادیوں کوساتھ لیکر چلنے کی پالیسی پر کاربند ہیں اور رہیں گے ، صوبائی وزیر نے دورے کے موقع پر حلقہ انتخاب کے لوگوں کی جانب سے دی گئی درخواستوں پر موقع پر احکامات جاری کیے۔
اختیارات کی نچلی سطح پر منتقلی سے مسائل حل ہونگے ،صالح بھوتانی
وقتِ اشاعت : September 10 – 2018