|

وقتِ اشاعت :   September 11 – 2018

ابوجا: نائیجیریا میں ایک گیس ڈپو اور ایک گیس پائپ لائن پھٹنے کے واقعات میں مجموعی طور پر 58 افراد ہلاک ہو گئے ہیں۔

بین الاقوامی خبر رساں ادارے کے مطابق نائیجیریا کی ریاست ناساروا کے دارالحکومت لافیا کی مرکزی شاہراہ سے گزرنے والی گیس لائن پھٹنے سے متعدد گاڑیاں جل کر خاکستر ہو گئیں جس کے نتیجے میں 40 افراد ہلاک ہو گئے۔

عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ دھماکے کے بعد آگ کے شعلوں کو آسمان کو چھوتے ہوئے دیکھا گیا۔ یہ ہولناک منظر تھا جس میں چند سیکنڈز میں درجنوں گاڑیاں جل کر خاکستر ہو گئیں۔ ایک درجن سے زائد زخمی افراد برن وارڈز میں زیر علاج ہیں۔

دوسری جانب نائیجیریا کے شہر وارری میں ایک گیس ڈپو کی سپلائی لائن دھماکے سے پھٹ گئی جس کے نتیجے میں 18 افراد اپنی جانوں سے گئے جب کہ 5 افراد زخمی ہیں جنہیں قریبی اسپتال میں طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے۔

واضح رہے رواں برس کے دوران نائیجیریا میں گیس لائن پھٹنے کا یہ تیسرا واقعہ ہے۔ جنوری میں ایک گیس ڈپو میں ہونے والے دھماکے میں 10 افراد ہلاک ہو گئے تھے۔