واشنگٹن: امریکا میں سمندری طوفان ساحلوں سے ٹکرا گیا جس کے نتیجے میں بڑے پیمانے پر جانی و مالی نقصان ہوا ہے۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق سمندری طوفان فلورنس نے امریکی ریاستوں کیرولینا اور ورجینیا میں تباہی مچادی ہے جس کے نتیجے میں اب تک پانچ افراد ہلاک اور متعدد زخمی ہوچکے ہیں۔ 17 لاکھ سے زائد افراد کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا گیا ہے اور لاکھوں مکانات بجلی سے محروم ہیں۔
طوفان کے باعث 110 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوائیں چل رہی ہیں اور کئی عمارتیں تباہ ہو گئی ہیں۔ شمالی کیرولینا میں ایک مکان پر درخت گرنے سے خاتون اور اس کا بچہ ہلاک جبکہ باپ زخمی ہوگیا۔
حکام کے مطابق نشیبی علاقوں، دریاؤں، ندیوں اور نہروں کے قریب رہنے والے لوگوں کی زندگیوں کو خطرات لاحق ہیں۔ متاثرہ علاقوں میں ایندھن اور خوراک کی کی بھی شدید قلت پیدا ہوگئی ہے جبکہ دکانیں بند ہونے سے کاروبار زندگی متاثر ہوگیا ہے۔
شمالی کیرولینا کے گورنر رائے کوپر نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے خدشہ ظاہر کیا کہ ’400 میل کی رفتار سے آنے والا یہ طوفان پورے علاقے کو بہا لے جا سکتا ہے۔ وزیر ٹرانسپورٹیشن جیمز ٹروگڈان نے ایسے سیلاب کا خطرہ ظاہر کیا کہ جو ہزار سال میں ایک بار آتا ہے۔