کراچی: محکمہ اطلاعات سندھ میں رجسٹرڈ 74 جعلی اخبارات کی رجسٹریشن کی منسوخی کے احکامات جاری کردیئے گئے ہیں۔
محکمہ اطلاعات سندھ میں رجسٹرڈ 74 جعلی اخبارات کی رجسٹریشن کی منسوخی کے احکامات جاری کردیئے گئے ہیں، مذکورہ اخبارات کی ڈکلئریشن منسوخی کے احکامات بھی جاری کئے گئے ہیں جس کے احکامات مشیر اطلاعات بیرسٹر مرتضی وہاب جاری کئے۔ محکمہ اطلاعات سندھ نے اس ضمن میں متعلقہ ڈپٹی کمشنرز کو خط ارسال کردیئے ہیں۔
ذرائع کےمطابق محکمہ اطلاعات نے سندھ بھر کے اخبارات کی جانچ پڑتال، ملازمین اور ان کے دفاتر سے متعلق انکوائری کمیٹی بنائی تھی، انکوائری کمیٹی کی رپورٹ کی روشنی میں مذکورہ 74 اخبارات کے متعلق اہم فیصلہ کیا گیا، کمیٹی کی رپورٹ کے مطابق مذکورہ اخبارات کے دفاتراور نہ ملازمین کا کوئی وجود تھا۔ مذکورہ اخبارات کی منسوخی سے محکمے کو سالانہ لاکھوں روپے اشتہارات کی مد میں بچت ہوگی۔
سیکرٹری محکمہ اطلاعات سندھ عبدالرشید سولنگی نے بھی اخبارات کی منسوخی کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا ہے کہ جعلی روزناموں، ہفتہ وار، ماہانہ اخبارات و رسائل کو مرحلہ وار منسوخ کریں گے۔