لاہور: قومی ایئر لائن پی آئی اے کی ایئر ہوسٹس فریحہ مختار کینیڈا جاکر لاپتہ ہوگئی۔
پی آئی اے کی ایئر ہوسٹس فریحہ مختار کینیڈا جاکر لاپتہ ہوگئی۔ فریحہ مختار پر کرنسی اور قیمتی موبائل فونز اسمگل کرنے کا الزام تھا، جس کے باعث اسے 2015 میں معطل کیا گیا تھا۔ ایئرہوسٹس فریحہ مختار کے امریکا سمیت تمام بین الاقوامی روٹس پر ڈیوٹی کرنے پر پابندی عائد تھی، تاہم اس کے باوجود ایئرہوسٹس کینیڈا جانے میں کامیاب ہوگئی۔
ترجمان پی آئی اے کے مطابق فریحہ مختار گیارہ ستمبر کو لاہور کے علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئرپورٹ سے پی آئی اے کی پرواز پی کے 789 سے ٹورنٹو گئی تھی اور جمعرات کو لاپتا ہوئی۔
پی آئی اے ذرائع کا کہنا ہے کہ فریحہ مختار لاہور سے تعلق رکھتی ہے مگر اس کی ڈیوٹی کراچی سے لگوائی گئی، کینیڈا کی پرواز پر فریحہ کی ڈیوٹی مبینہ طور پر پیپلز یونٹی کے کچھ عہدیداروں کی ملی بھگت سے لگی۔ ایئرہوسٹس کے کینیڈا میں غائب ہونے پر پی آئی اے کو 8 ہزار ڈالر جرمانہ بھی ہوا۔ پی آئی اے انتظامیہ نے ایئر ہوسٹس لاپتہ ہونے کی تحقیقات شروع کردی ہیں اور کینیڈین پولیس کو بھی اطلاع کردی گئی ہے۔