|

وقتِ اشاعت :   September 20 – 2018

اسلام آباد: دفتر خارجہ کے ترجمان ڈاکٹر فیصل کا کہنا ہے کہ وزیراعظم عمران خان کی جانب سے بھارتی ہم منصب کو لکھے گئے خط پر بھارت کی طرف سے باضابطہ جواب کے منتظر ہیں۔ 

سماجی رابطے کی سائٹ ٹوئٹر پر جاری بیان میں ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان نے بھارتی وزیراعظم نریندری مودی کو مثبت پیرائے میں خط کا جواب دیا ہے۔ 

ترجمان نے کہا کہ وزیراعظم نے بھارتی ہم منصب کو لکھا کہ آئیں بات چیت کے ذریعے تمام مسائل کا حل نکالیں اور ہم بھارت کے جواب کے منتظر ہیں۔

یاد رہے کہ وزیراعظم عمران خان کی جانب سے بھارتی ہم منصب کو جوابی خط لکھا گیا، اس سے قبل انتخابات میں کامیابی پر نریندر مودی نے بذریعہ خط وزیراعظم عمران خان کو کامیابی پر مبارکباد پیش کی تھی۔

وزیراعظم عمران خان کے لکھے گئے خط میں کہا گیا کہ دونوں ملکوں کے تعلقات بلاشبہ ناقابل تردید چینجلز کا شکار ہیں تاہم پاکستان دہشت گردی کے معاملے پر بھی یقینی طور پر بات کرنے کو تیار ہے۔

عمران خان نے خط میں کہا کہ مسئلہ کشمیر سمیت سرکریک اور سیاچن کے تنازعات کا حل تلاش کرنا ہوگا، پاکستان اور بھارت کو اپنے عوام اور آنے والی نسلوں کی بہتری اور امن کے لیے اقدامات کرنا ہوں گے۔