کوئٹہ: پاکستان تحریک انصاف بلوچستان کے صوبائی صدرو رکن اسمبلی سردار یار محمد رند نے کہا ہے کہ پچھلے ادوار میں بلوچستان میں ہونے والی کرپشن کے ایک ایک پائی کا حساب لیں گے ۔
اربوں روپے کے کرپشن اسکینڈل میں ملوث ملزمان کا کڑا احتساب کیا جائے قائد ایوان سے درخواست کریں گے وہ بلوچستان کی بہتری کے لئے نئے منتخب ہونے والے نمائندگان سے صلاح و مشورہ کرکے پی ایس ڈی پی میں اصلاحات لائیں ۔
ان خیالات کا اظہار پاکستان تحریک انصاف بلوچستان کے پارلیمانی لیڈر و صوبائی صدر سردار یار محمد رند نے گزشتہ روز صوبائی اسمبلی کے اجلاس میں اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کیا ان کا کہنا تھا کہ میرے حلقے میں جاری ایک پائپ لائن کے منصوبے کو مکمل ہونے سے پہلے روک دیا گیا ہے جس سے منصوبہ بھی پورا نہیں ہوا اور ملکی خزانے کو بھی بھاری نقصان پہنچنے کا خدشہ ہے ۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ اب نئے منتخب نمائندے نیا عوامی مینڈیٹ لیکر اسمبلی میں پہنچے ہیں ان نمائندوں کی مدد سے ایسا پی ایس ڈی پی بنایا جائے جس سے علاقے اور بلوچستان کی عوام کو فائدہ ہو ۔
سردار یار محمد رند نے اسمبلی میں خطاب کرتے ہوئے اسمبلی میں موجود تمام ارکان کی توجہ موجودہ اسکیموں اور فنڈز کی طرف توجہ دلاتے ہوئے کہا کہ ہمیں ہائیکورٹ کے فیصلے کی روشنی میں اس پی ایس ڈی پی کو دوبارہ اسمبلی میں لانا چاہئے اور عوام کی بہتری کے لئیے فیصلے کرنے چاہیے
بلوچستان میں ہونیوالی کرپشن کے پائی پائی کا حساب لیں گے ، سردار یار محمد رند
وقتِ اشاعت : September 23 – 2018