تربت: وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال خان نے کہا ہے کہ جو قومیں اپنی نوجوان نسل کو تعلیم یافتہ بناتی ہیں ترقی ان قوموں کے قریب آجاتی ہے۔
بدقسمتی سے ہم تعلیمی شعبہ میں بہت پیچھے رہ گئے ہیں اور ترقی بھی ہم سے دور ہے، ہم سب محنت اور لگن کے ساتھ اس فرق کو ختم کرنا ہے جس میں اہم کردار طلباء کا ہوگا، اگر وہ شوق اور عزم کے ساتھ تعلیم حاصل کریں گے تو اس کا فائدہ ملک او رصوبے کو پہنچے گا۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے یونیورسٹی آف تربت میں طلباء وطالبات میں لیپ ٹاپ تقسیم کرنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ وفاقی وزیر زبیدہ جلال، صوبائی وزراء سردار عبدالرحمن کھیتران، عبدالخالق ہزارہ، میر ظہور بلیدی نصیب اللہ مری، سردا ر نور محمد دمڑ، عبدالرؤف رند، اراکین صوبائی اسمبلی سید احسان شان اور میر اکبر آسکانی بھی اس موقع پر موجود تھے۔ وزیراعلیٰ نے اپنے خطاب میں کہا کہ وہ طلباء کے ساتھ مسلسل رابطے میں رہتے ہوئے ان کی حوصلہ افزائی کرتے رہیں گے اور حکومت تعلیمی اداروں میں جدید سہولتوں کی فراہمی کے ذریعہ ان کی سرپرستی کرے گی۔
انہوں نے طلباء کو تلقین کی کہ وہ اپنے والدین کی امیدوں پر پورااترتے ہوئے اپنی یونیورسٹی کا معیار بھی بلند کریں اور خود کو ایک کامیاب انسان ثابت کریں، وزیراعلیٰ نے کہا کہ ہم تعلیم کے شعبہ میں جتنا بھی کام کریں وہ کم ہوگا کیونکہ دنیا آگے جاچکی ہے۔
وزیراعلیٰ نے کہا کہ ہمارے نوجوان باصلاحیت ہیں اور کا مستقبل روشن ہے، طلباء سیاست بھی کریں لیکن مثبت اور تعمیری سوچ اپنائیں، انہوں نے کہا کہ تربت جیسے دور دراز علاقے میں یونیورسٹی کا قیام ایک بڑی پیشرفت ہے اور انہیں طلباء کے روشن چہرے دیکھ کر خوشی اور اطمینان محسوس ہورہا ہے، قبل ازیں یونیورسٹی کے وائس چانسلر نے سپاسنامہ پیش کیا، بعد ازاں وزیراعلیٰ اور صوبائی وزراء نے طلباء میں لیپ ٹاپ تقسیم کئے، وزیراعلیٰ نے یونیورسٹی میں پودا لگایا اور نئے فیکلٹی بلاک کا افتتاح کیا۔
تعلیم ہی کے ذریعے ترقی کا سفر ممکن ہے،وزیراعلیٰ
وقتِ اشاعت : September 28 – 2018