لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار سے بلوچستان نیشنل پارٹی کی سنٹرل کمیٹی کے رکن عبدالرؤف مینگل نے ملاقات کی ۔
عبدالرؤف مینگل نے سردار عثمان بزدار کو وزارت اعلیٰ کا منصب سنبھالنے پر اپنی پارٹی اور بلوچستان کے عوام کی جانب سے مبارکباددی۔عبدالرؤف مینگل نے وزیر اعلیٰ عثمان بزدار کو بلوچستان کے دورے کی دعوت بھی دی۔
عبدالرؤف مینگل نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ عثمان بزدار عام آدمی ہیں اور وہ عوامی مسائل سے بخوبی واقف ہیں ۔ امید ہے عثمان بزدار عوامی توقعات کو پورا کریں گے اور پسماندہ علاقوں کی ترقی کیلئے دن رات کام کریں گے۔ عثمان بزدار کا دورپنجاب کی حقیقی خوشحالی کا دورہو گا۔
انہوں نے کہا کہ عثمان بزدار کے وزیراعلیٰ بننے سے بلوچستان اور پنجاب کے درمیان قربت بڑھے گی اور دونوں صوبوں میں بین الصوبائی ہم آہنگی فروغ پائے گی اور پنجاب کے تعلیمی اداروں میں بلوچستان کے طلباء و طالبات کے جائز مسائل بھی ترجیحی بنیادوں پر حل ہوں گے۔
انہوں نے کہا کہ ہم عثمان بز دار کی کامیابی کیلئے دعا گو ہیں اور ان کیلئے نیک خواہشات رکھتے ہیں ۔وزیراعلیٰ سردار عثمان بزدار نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ میں وزیر اعظم عمران خان کا سپاہی بن کر کام کر رہا ہوں ۔ بلوچستان میں بسنے والے میرے بھائی ہیں اور ہماری خوشیاں اور دکھ سانجھے ہیں ۔
ہم نے مل کر ہی رہنا ہے اور ایک دوسرے کے کام آنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ماضی کی حکومت نے بلوچستان کو نظرانداز کیا جس سے اس صوبے کی محرومیوں میں اضافہ ہوا لیکن اب بلوچستان میں عوام کی اپنی حکومت ہے اور تحریک انصاف کی حکومت بلوچستان کی ترقی اور خوشحالی کیلئے پرعزم ہے اور ہم نے مل کر نئے پاکستان کیلئے کام کرنا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب بلوچستان کی تعمیر و ترقی میں اپنا بھرپور کردار ادا کرے گا۔
پنجاب بلوچستان کی تعمیر و ترقی میں اپنا بھر پور کردار ادا کریگا، سردار عثمان بزدار
وقتِ اشاعت : September 29 – 2018