کوئٹہ: وفاقی وزیر داخلہ شہریار خان آفریدی نے کہا ہے کہ بلوچستان میں امن وامان کی صورتحال بہتر ہو چکی ہے۔
اب ہم کسی کو بھی یہ موقع فراہم نہیں کرینگے کہ برادر اقوام کو دست وگریباں کریں زائرین کو ہر قسم کی سیکورٹی فراہم کرینگے اور ہزارہ قوم کے افراد کو پاسپورٹ اور نادرا میں مشکلات میں کمی لانے کے لئے ہر ممکن اقدامات اٹھائیں گے ۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز صوبائی مشیر برائے اسپورٹس امور نوجوانان ، ثقافت واثار قدیمہ عبدالخالق ہزارہ سے ملاقات کے موقع پر بات کر تے ہوئے کیا اس موقع پر ہزارہ ڈیمو کریٹک پارٹی کے چیئرمین وصوبائی مشیر عبدالخالق ہزارہ نے کوئٹہ کے شہریوں اور بالخصوص ہزارہ قوم کو پاسپورٹ اورنادرا دفتر میں درپیش مشکلات سے آگاہ کیا اور کہا ہے کہ ہم نے ملک اور بلوچستان کے لئے بہت بڑی قربانیاں دی ہے اور ان قربانیوں کی بدولت ہمیں عام شہریوں کی طرح آسانیاں دی جائے ۔
وفاقی وزیر داخلہ شہریار خان آفریدی نے کہا ہے کہ اس ملک میں سب اقوام ایک جیسے ہیں اور ان کے حقوق کے لئے مشترکہ جدوجہد کرینگے اور کسی بھی طرح تفرق نہیں کرینگے کیونکہ نئے پاکستان میں کسی بھی قوم کیساتھ زیادتی نہیں ہو گی اور ہزارہ قوم نے دہشت گردی کے خلاف بہت بڑی قربانیاں دی ہے اور ان کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائے گی ۔
انہوں نے یقین دہانی کرائی کہ پاسپورٹ اور نادرا آفس میں ہزارہ برادری سے تعلق رکھنے والے افراد کوکوئی مشکل نہیں ہو گی اور اگر ایسا کچھ ہوا تو متعلقہ افراد کے خلاف سخت کا رروائی عمل میں لائی جائے گی اور زائرین کی روٹ پر سیکورٹی سخت کرنے کے لئے احکامات جاری کر دیئے ۔
بلوچستان میں امن کی صورتحال بہتر ہوچکی کسی کو حالات خراب کرنے نہیں دینگے ،شہر یار آفریدی
وقتِ اشاعت : October 2 – 2018