کوئٹہ: وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال خان سے کراچی میں متعین فرانس کے قونصل جنرل Mr.Didier Talpain نے منگل کے روز یہاں ملاقات کی۔
صوبائی وزیر داخلہ سلیم کھوسہ، صوبائی وزیر خزانہ میر عارف جان محمد حسنی اور رکن صوبائی اسمبلی اصغر خان اچکزئی بھی اس موقع پر موجود تھے۔ فرانس کے قونصل جنرل نے وزیراعلیٰ بلوچستان کو اپنے دورہ کوئٹہ سے متعلق آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ انہوں نے کوئٹہ میں قائم تین مختلف یونیورسٹیوں کا دورہ کیا اور وہاں زیر تعلیم نوجوانوں سے مل کر بہت متاثرہوئے ۔
انہوں نے کہا کہ بلوچستان میں قدیم اور تاریخی مقامات ہیں اور ان مقامات سے ملنے والی قیمتی اور قدیم اشیاء کے لئے میوزیم کے قیام سے ان کو دیکھنے کے لئے مزید سیاح آئیں گے ، انہوں نے کہا کہ ان کی خواہش ہے کے باہمی ثقافت اور زبانوں کے فروغ کے لئے حکومتی سطح پر کام کیا جائے ، اس موقع پر وزیراعلیٰ بلوچستان نے فرانس کے قونصل جنرل کو کوئٹہ کے دورے پر خوش آمدید کہتے ہوئے کہا کہ بلوچستان میں سیروسیاحت کے بے شمار مقامات ہیں جن میں زیارت اورہربوئی میں جونیپر کے جنگلات دیکھنے سے تعلق رکھتے ہیں۔
وزیراعلیٰ نے کہا کہ بلوچستان میں سیاحت کے فروغ کے لئے حکومت سنجیدہ اقدامات اٹھارہی ہے، ہماری حکومت کو بہت سے چیلنجز کا سامنا ہے تاہم حکومت صوبے میں گڈ گورننس کے قیام کے ساتھ ساتھ تعلیم، صحت اور پانی کے شعبوں پربھی خصوصی توجہ مرکوز کئے ہوئے ہے۔
انہوں نے کہا کہ بلوچستان کی معیشت میں زراعت اور لائیو اسٹاک کا نمایاں کردار ہے ان کے فروغ اور پانی کی کمی کو پورا کرنے کے لئے حکومت ڈیمز، ڈیلے ایکشن ڈیمز اور دیگر ذرائع پر کام کررہی ہے۔
وزیراعلیٰ نے کہا کہ حکومت محدود وسائل میں رہتے ہوئے تعلیم کے فروغ بلخصوص تکنیکی شعبہ میں تربیت یافتہ افراد ی قوت کو بڑھانے کے لئے اقدامات اٹھارہی ہے، وزیراعلیٰ نے کہا کہ بلوچستان میں معدنی شعبہ میں سرمایہ کاری کے بے پنا ہ مواقع موجود ہیں اور ہماری خواہش ہے کہ ہمارے زیادہ سے زیادہ نوجوان تکنیکی تعلیم حاصل کرکے ان شعبوں میں خدمات سرانجام دیں۔ فرانس کے قونصل جنرل نے وزیراعلیٰ کے اقدامات کو سراہتے ہوئے ان کی کامیابی کے لئے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔
وزیراعلیٰ بلوچستان سے فرانس کے قونصل جنرل کی ملاقات
وقتِ اشاعت : October 3 – 2018