کوئٹہ: پاکستان پیپلز پارٹی بلوچستان کے صدر حاجی علی مدد جتک ،جنرل سیکرٹری سیداقبال شاہ اور سیکرٹری اطلاعات سردارسربلند جوگیزئی نے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی ریکوڈک اور گوادر آئل ریفائری کے حوالے سے وفاقی حکومت کے معاہدوں کو کسی صورت قبول نہیں کریگی ۔
یہ بات انہوں نے پیپلزپارٹی بلوچستان کے میڈیا سیل میں بلوچستان کے مختلف اضلاع کے عہدیداروں اورکارکنوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہی۔ انہوں نے کہا کہ اٹھارویں ترمیم کے بعد قدرتی وسائل پر صوبوں کا اختیارات ہے اس حوالے سے وفاقی حکومت معاہدے کرکے 18ویں ترمیم کورول بیک کرنے کی کوششوں میں مصروف ہیں جسے پاکستان پیپلز پارٹی کسی صورت کامیاب نہیں ہونے دے گی۔
انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت کی جانب سے ریکوڈ ک اور گوادر آئل ریفائری کے بارے میں بلوچستان کے عوام کو اعتماد میں لئے بغیر ریکوڈک منصوبہ سعودی عرب کو دینے کی کوشش کی جارہی ہے جو صوبائی خودمختاری میں مداخلت ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی 18ترمیم کے ریعے اپنے دور اقتدار میں چھوٹے صوبوں کو صوبائی خودمختاری دی اوراب پی ٹی آئی کی حکومت صوبائی خودمختاری اور 18ترمیم کو ختم کرنے کی کوششوں میں مصروف ہیں جس کی پاکستان پیپلز پارٹی ے کارکن سخت مزاحمت کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ اگر وفاقی حکومت نے بلوچستان کے عوام کو اعتماد میں لئے بغیر ریکوڈ ک منصوبہ اور گوادر میں آئل ریفائری لگانے کی اجازت دی تو اسکے خلاف پاکستان پیپلزپارٹی بھر پورا حتجاج کریگی۔
ریکوڈک اور گوادر آئل ریفائنری معاہدوں کو کسی صورت قبول نہیں کریں گے، پیپلز پارٹی بلوچستان
وقتِ اشاعت : October 4 – 2018