|

وقتِ اشاعت :   October 8 – 2018

اسلام آباد: سی پیک سیکرٹریٹ حکام نے کہا ہے کہ سی پیک میگا قومی منصوبہ ہے ٗ پاکستان سمیت خطے میں معاشی انقلاب برپا کریگا ٗگوادر، پسنی اور جیوانی سمیت چار بڑے شہروں کو بین الاقوامی معیار کے مطابق ترقی دی جائے گی۔سی پیک سیکرٹریٹ حکام کے مطابق معاشی راہداری منصوبے سے دنیا کی اسی فیصد آبادی کا مستقبل منسلک ہے۔ راہداری منصوبہ کے تحت بلوچستان میں گوادر، پسنی اور جیوانی سمیت چار بڑے شہروں کو بین الاقوامی معیار کے مطابق ترقی دی جائیگی اور دنیا بھر کے سرمایہ کار ان شہروں کا رخ کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان نے افغان جنگ سے لے کر آج تک ہر چیلنج کا ڈٹ کر مقابلہ کیا۔ ہمیں فاٹا، کراچی اور بلوچستان میں چیلنجزمیں الجھانے کی ناکام کوشش کی گئی لیکن ہم ہر امتحان میں سرخرو ہوئے۔انہوں نے کہاکہ پاکستان نہ صرف سرمایہ کاری بلکہ معاشی مرکز بن کر ابھر رہا ہے،پاکستان مواقع کی سرزمین ہے اور امن و امان کی بہتری سے پاکستان جنوبی ایشیا، وسطی ایشیا، افریقہ، یورپ و دیگر خطوں کے لئے تجارتی راہداری بن چکا ہے ۔ اس حوالے سے ہم بنیادی کامیابیاں حاصل کر چکے ہیں جن کی بنیاد پر مستقبل کو روشن کریں گے۔حکام کے مطابق سی پیک میگا قومی منصوبہ ہے جو پاکستان اور عوام کی تقدیر بدلنے کی بھرپور صلاحیتوں کا حامل ہے، سی پیک ایک طویل مدت منصوبہ ہے جوملک میں معاشی انقلاب برپا کرے گا، منصوبہ کے تحت صنعتی زونز، سڑکیں، موٹر ویز، بنیادی ڈھانچے اور توانائی کے شعبوں میں متعدد بڑے منصوبے زیر تکمیل ہیں، امن عالم کا راستہ پاکستان سے ہو کر گزرتا ہے، بلوچستان بین الاقوامی تجارت کی گزرگاہ بنے گا۔