|

وقتِ اشاعت :   October 14 – 2018

کوئٹہ: بلوچستان نیشنل پارٹی کے رکن صوبائی اسمبلی ملک نصیر احمد شاہوانی نے کہا ہے کہ سردی کی آمد کے ساتھ ہی صوبائی دارالحکومت کوئٹہ کے نواحی علاقوں سریاب، قمبرانی روڈ، کیچی بیگ سمیت ملحقہ علاقوں میں گیس پریشر میں کمی اور لوڈشیڈنگ کی وجہ سے امور خانہ داری کیلئے خواتین بزرگوں اور شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑرہا ہے ۔

سوئی سدرن گیس کمپنی بلوچستان کے ارباب اختیار گیس پریشر میں کمی کا نوٹس لیتے ہوئے مسئلے کو سنجیدگی کے ساتھ مستقل بنیادوں پر حل کریں بصورت دیگر اس مسئلے کے حل کیلئے بلوچستان اسمبلی سمیت ہر پلیٹ فارم پر آواز بلند کرنے کے ساتھ ساتھ احتجاج کا راستہ اختیار کرینگے ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز علاقہ مکینوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔

ملک نصیر احمدشاہوانی نے کہا کہ سوئی گیس جو کہ 1953میں بلوچستان کے علاقے سوئی سے دریافت ہوئی تھی آج 2018میں پاکستان کے کونے کونے میں اس قدرتی نعمت سے پاکستان کے عوام مستفید ہونے کے ساتھ ساتھ انڈسٹری کا پہیہ بھی ترقی کی طرف رواں دواں ہے لیکن جس سرزمین اور صوبے سے قدرتی گیس نکلتی ہے اس کے باسی اس نعمت سے محروم ہیں اور پورا ملک اس سے مستفید ہورہا ہے ۔

انہوں نے کہاکہ سردی کا آغاز ہوچکا ہے اور سرد موسم کے شروع ہوتے ہی کوئٹہ سمیت صوبے کے سرد علاقوں میں گیس پریشر میں کمی اور اس کے لوڈشیڈنگ کا سلسلہ کمپنی کی جانب سے شروع کردیاگیا ہے جس سے لوگوں کی مشکلات بڑھ گئی ہے ۔

کوئٹہ کے نواحی علاقے سریاب ، کیچی بیگ، قمبرانی روڈ اور ملحقہ علاقوں میں سردی کی آمد کے ساتھ ہی گیس پریشر میں کمی نے لوگوں کی مشکلات میں اضافہ کردیا ہے ۔

انہوں نے کہاکہ کمپنی کے ارباب اختیار اس سنگین نوعیت کے مسئلے کا نوٹس لے اور گیس پریشر میں کمی اور لوڈشیڈنگ کے خاتمہ کو یقینی بناکر لوگوں کو اس پریشانی سے نجات دلائیں انہوں نے کہاکہ میں اس مسئلے کے حل کیلئے بلوچستان اسمبلی سمیت ہر پلیٹ آواز بلند کرونگا اور اگر پھر بھی یہ مسئلہ حل نہ ہوا تو ہم احتجاج کرنے سے بھی گریز نہیں کرینگے جس سے حالات کی تمام تر ذمہ داری کمپنی کے اعلیٰ حکام پر عائد ہوگی ۔

انہوں نے کہاکہ ہر سال سردی کے موسم میں کمپنی کی جانب سے گیس پریشر میں کمی اور لوڈشیڈنگ کو ختم کرنے کے بلند وبانگ دعوے کئے جاتے ہیں زرغون غر نکلنے والی گیس کے بعد گیس حکام نے شہریوں کو نوید سنائی تھی اب کوئٹہ میں گیس پریشر میں کمی اور لوڈشیڈنگ کا مسئلہ مستقل بنیادوں پر حل ہوگیا ہے ۔

لیکن گزشتہ دو سال سے سردی کا موسم شروع ہوتے ہی گیس پریشر میں کمی اور لوڈشیڈنگ شروع کرکے شہریوں کو مصیبت میں مبتلا کردیاجاتا ہے حکومت اس کا نوٹس لیں اور مسئلے کو ترجیحی بنیادوں پر حل کرے۔