|

وقتِ اشاعت :   October 15 – 2018

حب : گڈانی شپ بریکنگ یارڈ میں شپ میں آگ لگنے سے 7 مزدور جھلس گئے۔ جھلسنے والے 2مزدوروں کی حالت تشویش ناک بتائی جاتی ہے۔

آتشزدگی کا واقعہ گڈانی شپ بریکنگ یارڈ میں پلاٹ نمبر 10 میں پیش آیا۔ جھلسنے والے مزدوروں کو ایدھی ایمبولنس کے ذریعے کراچی منتقل کیا جا رہا ہے۔شپ بریکنگ یارڈ کے وائس چئیرمین غنی سیٹھ نے بتایا کہ آگ پلاٹ نمبر دس میں لگی ہے جس پر اب تک قابو نہیں پایا جا سکا اور اب تک فائر بریگیڈ کی گاڑیاں بھی نہیں پہنچی۔

انھوں نے مزید کہا اس صنعت میں حفاظتی اقدامات کیے جانے کے باوجود ایسے واقعات پیش آتے ہیں۔دوسری جانب جائے وقوعہ پر شپ بریکنگ ایسوسی ایشن کا کوئی نمائندہ موجود نہیں۔ 

شپ بریکنگ ورکرز یونین کے صدر بشیر محمودانی نے بتایا کہ شپ بریکرز کی روایتی جلد بازی سے مزدوروں کی جان خطرے میں ڈالی جاتی ہے جو ایک مہینے کا کام ایک ہفتے میں ختم کرنا چاہتے ہیں جب کہ شپ بریکرز اربوں روپے کمانے کے باوجود یہاں آگ بجھانے کے لیے فائر بریگیڈ کا انتظام نہیں کر پائے اور نہ ہی مزدوروں کے لیے کوئی حفاظتی انتظامات کیے جاتے ہیں۔

واضح رہے کہ نومبر2016 میں ایسے ہی تیل بردار جہاز کی صفائی کے دوران آگ لگنے سے دو درجن سے زائد ہلاکتیں اور 70 سے زائد مزدور زخمی ہوئے تھے جس کے بعد شپ بریکنگ یارڈ میں تیل بردار جہازوں کی صفائی پر پابندی لگائی گئی تھی ۔