لاہور: انسداد دہشت گردی عدالت نے منشا بم اور اس کے بیٹے کو 10 روزہ ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کردیا۔
قبضہ مافیا گروپ کے سرغنہ منشا بم کو لاہور کی انسداد دہشت گردی عدالت میں پیش کیا گیا، عدالت نے منشا بم کو بیٹے سمیت 10 روزہ ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کر دیا۔
منشاء بم پر بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کی زمین پر قبضہ کرنے کا الزام ہے، سپریم کورٹ نے شہری کی درخواست پر سرگرم قبضہ مافیا گروپ کے سرغنہ منشا بم کے خلاف کارروائی کے لیے کیس کی سماعت کی تھی اور گرفتاری سمیت تمام اراضی واگزار کرانے کا حکم دیا تھا۔
واضح رہے کہ لاہور میں قبضہ مافیا گروپ کا سرغنہ منشا روپوشی ختم کرکے سپریم کورٹ میں پیش ہوا تھا جس کے بعد عدالت کے باہر سے اسلام آباد پولیس نے اسے گرفتار کرلیا تھا۔