اسلام آباد : چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی نے رواں ماہ اکتوبر کے آخری ہفتے میں گوادر میں منعقد ہونے والی ایشیائی پارلیمانی اسمبلی کی سیاسی امور کی قائمہ کمیٹی کے اجلاس کے انتظامات کا جائزہ لینے کیلئے گوادر کا دورہ کیا ۔
سینیٹ میں قائد ایوان سینیٹر شبلی فراز ، چیئرمین سینیٹ قائمہ کمیٹی برائے قانون و انصاف سینیٹر جاوید عباسی بھی ان کے ہمراہ تھے ۔ اس موقع پرسینیٹ اوربلوچستان حکومت کے متعلقہ افسران نے چیئرمین سینیٹ کو ایشیائی پارلیمانی اسمبلی کی سٹینڈنگ کمیٹی کے اجلاس کے حوالے سے اب تک کیے گئے انتظامات سے متعلق آگاہ کیا ۔
چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی نے اس بین الاقوامی اہمیت کے اجلاس سے متعلق اب تک کیے جانے والے انتظامات پر اطمینان کااظہار کرتے ہوئے کہاکہ اس کانفرنس کا منظم اور بہتر انعقاد ہماری سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے ۔
اس کانفرنس سے نہ صرف پاکستان کا بہترین تشخص دنیا بھر میں اجاگر ہوگا بلکہ گوادر بندرگاہ کی بڑھتی ہوئی معاشی اہمیت بھی نمایاں ہوگی ۔چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ گوادر نہ صرف پاکستان بلکہ علاقائی ممالک کیلئے بھی اہمیت کا حامل ہے ۔
ایشیائی پارلیمانی اسمبلی کی سٹینڈنگ کمیٹی کا اجلاس گوادر میں منعقد کرنے کا مقصد گوادر اور مختلف ممالک کے وفود کو اس کی معاشی اہمیت سے متعلق زمینی حقائق سے آگاہ کرنا ہے ۔
چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ گوادر ایشیائی ممالک کیلئے تجارتی مرکز کی حیثیت اختیار کرے گا اور اس کی بدولت ایشیا ء کے عوام کی ترقی اور معیاری زندگی میں بہتری آئے گی جبکہ پاکستانی معیشت پر بھی اس کے مثبت اثرات مرتب ہونگے ۔
انہوں نے کہا کہ گوادر بندرگاہ کے تحت ہونے والی تجارتی سرگرمیوں اور سی پیک کے مختلف منصوبوں کے ذریعے مقامی سطح پر ملازمت کے مواقع پیدا ہونگے اور بلوچستان سمیت ملک کے دوسرے پسماندہ علاقوں کی نوجوان نسل کیلئے بڑی تعداد میں روزگار کے مواقع پیدا ہونگے ۔ چیئرمین سینیٹ نے اس موقع پر متعلقہ اداروں کو ہدایات دیں اور انتظامات کے سلسلے میں اب تک کی پیش رفت پر ان کی تعریف کی ۔
گوادر سے ایشیاء کے عوام کی ترقی معیار زندگی میں بہتری آئے گی ،صادق سنجرانی
وقتِ اشاعت : October 17 – 2018