|

وقتِ اشاعت :   October 18 – 2018

کوئٹہ: وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال خان کی ہدایت کی روشنی میں محکمہ صحت کی جانب سے کوئٹہ سمیت صوبہ بھر میں جعلی، غیرمستند اور غیرمعیاری ادویات کے خلاف کریک ڈاؤن جاری ہے۔

بدھ کے روز ڈرگ انسپکٹرز نے کوئٹہ شہر کے مختلف علاقوں میں بیس میڈیکل اسٹورز کا اچانک معائنہ کیا اس دوران انہوں نے لیبارٹریوں سے ادویات کے نمونے لے کر ٹیسٹ کے لئے بھجوائے۔

ڈرگ انسپکٹرز نے 12میڈیکل اسٹورز کو اظہاروجوہ کے نوٹسز جاری کئے جبکہ متعلقہ محکمہ کے اہلکار ڈرگ کورٹ میں بھی پیش ہوئے،دریں اثنا ڈرگ انسپکٹر خاران نے بدھ کے روز چار میڈیکل اسٹورز کا اچانک معائنہ کیا اور تین میڈیکل اسٹورز کو اظہار وجوہ کے نوٹسز جاری کئے۔

علاوہ ازیں میڈیکل اسٹورز کے لائسنس کی تجدید اور پتہ میں ردوبدل سے متعلق کمیٹی کا ماہوار اجلاس ہوا جس میں زرغون ٹاؤن کے تمام ڈرگ انسپکٹرز نے شرکت کی۔

اس موقع پر پٹی کمشنر، یونین کونسل کے نمائندوں اور میڈیکل اسٹورز ایسوسی ایشن کے درمیان طے پایا کہ اسسٹنٹ کمشنر کے ساتھ میڈیکل اسٹورز کے معائنہ کے حوالے سے حکمت عملی وضع کی جائے گی جبکہ اس سلسلے میں چلتن ٹاؤن کا اجلاس کل منعقد ہوگا جس میں تمام ڈرگ انسپکٹرز شریک ہوں گے۔