کوئٹہ: صوبائی وزیر اطلاعات وہائرایجوکیشن میر ظہور احمد بلیدی نے کہاہے کہ طلباء ملک کا مستقبل اورہمارا قیمتی اثاثہ ہیں ہم چاہتے ہیں کہ ہمارا مستقبل روشن تابناک ہو ،طلباء کتاب سے دوستی کو اپنا وطیرہ بنائیں ۔
انٹرنیٹ اور ٹیکنالوجی کی آمد سے ہماری نئی نسل اپنی تہزیب وثقافت سے دور ہوگئی ہے ان خیالات کااظہار انہوں نے “ماہنامہ اطراف کراچی” کے زیراہتمام بلو چستان کے طلباء درمیان مقابلہ مضمون نویسی کی تقریب انعامات سے بطور مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا ۔
تقریب میں سابق وزیر اعلیٰ بلو چستان ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ سابق نگران وزیر اعلیٰ بلو چستان نواب غوث بخش باروزئی ،سابق اسپیکر بلو چستان اسمبلی راحیلہ حمید خان درانی ،پروفیسر رخسانہ جبیں،پروفیسر عرفا ن بیگ،چیف ایڈیٹر” ماہنامہ اطراف کراچی” محمود شام کے علاوہ بلو چستان کی مختلف یونیورسٹیوں کے طلباء وطالبات نے بڑی تعداد میں شرکت کی ۔
تقریب سے خطاب میں صوبائی وزیر اطلاعات ویائر ایجوکیشن ظہور احمد بلیدی نے کہاکہ ہمیں اپنی نوجوان نسل پرفخر ہے بلوچستان کے نوجوان باصلاحیت ہیں اور ملک وصوبے کی ترقی میں ان کا کردار نہایت اہم ہے ۔
انہوں نے کہاکہ بلو چستان کو اپنی ثقافت اور تہذیب وتمدن کی وجہ سے پوری دنیا میں جانا پہچانا جاتا ہے اور ہمیں اپنی تہذیب وتمدن اور ثقافت پر فخر ہے ۔انہوں نے کہا کہ نوجوان نسل تعلیم کو اپنا ہتھیار بنائیں اور تعلیم ہی کے ذریعے حالات وواقعات کا مقابلہ کریں ۔
صوبائی وزیر نے علم وادب کے حوالے سے محمود شام کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہاکہ صوبے کے طلباء وطالبات کے مابین مضمون نویسی کے مقابلوں سے نہ صرف ان کی تعلیمی کارکردگی وسماجی شعور میں نکھار آئے گا بلکہ وہ اپنی تاریخی ثقافت اور تہذیب وتمدن سے بھی آشنا ہونگے ۔بعد ازاں صوبائی وزیر نے مقابلہ مضمون نویسی میں نمایاں پوزیشن حاصل کرنے والے طلباء وطالبات میں شیلڈز اور نقد انعامات تقسیم کئے اور انہیں غیر معمولی کارکردگی کا مظاہرہ کرنے پر مبارکباد پیش کی۔
جدید ٹیکنالوجی سے ہماری نئی نسل اپنی ثقافت اور تہذیب سے دور ہوگئی ، میر ظہور بلیدی
وقتِ اشاعت : October 18 – 2018