کابل: پولیس چیف عبدالرازق کے قتل کے بعد قندھار میں کل ہونے والے پارلیمانی الیکشن کو ملتوی کردیا گیا ہے۔
بین الاقوامی خبر رساں ادارے کے مطابق افغانستان کی نیشنل سیکیورٹی کونسل نے صوبے قندھار میں کل ہونے والے پارلیمانی انتخابات کو ملتوی کردیا گیا ہے۔ قندھار میں اب الیکشن آئندہ ہفتے کو ہوں گے جب کہ ملک کے بقیہ حصوں میں انتخابات طے شدہ شیڈول کے تحت ہوں گے۔
قندھار میں انتخابات کی معطلی کا فیصلہ الیکشن کمیشن کی سفارش پر کیا گیا ہے۔ الیکشن کمیشن کا موقف تھا کہ پولیس چیف عبدالرزاق کے قتل کے بعد قندھار میں حالات اس قابل نہیں کہ پُرامن انتخابات کے انعقاد کو یقینی بنایا جاسکے اس لیے کشیدہ صورت حال میں الیکشن کے انعقاد سے گریز کیا جائے۔
افغانستان میں انتخابی عمل کو آغاز سے ہی دہشت گرد کارروائیوں کا سامنا ہے۔ مختلف واقعات میں 50 سے زائد افراد ہلاک ہوئے ہیں۔ کاغذات نامزدگی جمع کراتے ہوئے الیکشن کمیشن میں 4 سے زائد بار خود کش حملے ہوئے، 6 انتخابی جلسوں کو نشانہ بنایا گیا اور 8 انتخابی امیدواروں کو موت کے گھاٹ اتارا جا چکا ہے۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز ایک حملے میں قندھار پولیس چیف عبدالرزاق، گورنر اور انٹیلی جنس سربراہ ہلاک ہوگئے تھے۔ طالبان نے پولیس چیف پر حملے کی ذمہ داری قبول کی تھی۔ پولیس چیف عبدالرزاق طالبان مخالف پولیس افسر تسلیم کیے جاتے تھے جنہوں نے قندھار میں طالبان کے کئی حملوں کو پسپا کیا تھا۔