|

وقتِ اشاعت :   October 24 – 2018

کوئٹہ : بلوچستان ہائی کورٹ کے جسٹس محمد ہاشم خان کاکڑ اور جسٹس عبداللہ بلوچ پرمشتمل الیکشن ٹریبونلز نے صوبائی اور قومی اسمبلی کے مختلف حلقوں میں مبینہ انتخابی دھاندلی ودیگر سے متعلق دائر انتخابی عذرداریوں کی سماعت کی ۔

گزشتہ روز صوبائی وزیر صحت نصیب اللہ مری کے حلقہ انتخاب سے متعلق درخواست گزار جنگیزمری کی جانب سے دائر انتخابی اپیل کی سماعت ہوئی جس کے دوران ایڈووکیٹ جنرل ،فریقین کے وکلاء اورالیکشن کمیشن کے نمائندے ٹریبونل کے روبرو پیش ہوئے تاہم سماعت میں پیشرفت نہ ہوسکی اور اپیل کی سماعت کو30اکتوبر تک کیلئے ملتوی کردیا گیا۔

اس کے علاوہ گزشتہ روز ڈپٹی اسپیکر بلوچستان اسمبلی سردار بابر موسیٰ خیل کے حلقہ انتخاب سے متعلق دائر انتخابی عذرداری کی بھی سماعت ہوئی جس کے دوران فریقین کے وکلاء اور دیگر ٹریبونل کے روبرو پیش ہوئے سماعت کے دوران ڈپٹی اسپیکر بابر موسیٰ خیل کی جانب سے جواب جمع کرانے کیلئے مہلت کی استدعا پر سماعت کو 29اکتوبر تک کیلئے ملتوی کردیاگیا ۔

الیکشن ٹریبونل کے روبرو اسپیکر بلوچستان اسمبلی میرعبدالقدوس بزنجو کے حلقہ انتخاب سے متعلق دائر انتخابی عذرداری کی بھی سماعت ہوئی جس کے دوران جواب جمع نہ کرانے پرٹریبونل نے اسپیکر بلوچستان اسمبلی میرعبدالقدوس بزنجو پر20ہزار روپے جرمانہ عائد کرتے ہوئے ہدایت کی کہ جرمانہ ڈیم فنڈز میں جمع کیاجائے بعدازاں سماعت کو5نومبر تک کیلئے ملتوی کردیاگیا۔

منگل کے روز الیکشن ٹریبونل کے روبرو صوبائی وزیر ظہور بلیدی کے حلقہ انتخاب سے متعلق دائر انتخابی عذرداری کی بھی سماعت ہوئی جس کے دوران ایڈووکیٹ جنرل ،فریقین کے وکلاء اورالیکشن کمیشن کے نمائندے ٹریبونل کے روبرو پیش ہوئے سماعت کے دوران صوبائی وزیر ظہور بلیدی کی جانب سے جواب جمع کرادیاگیا جس پر ٹریبونل نے سماعت 5نومبر تک کیلئے ملتوی کردی ۔

دریں اثناء سابق وزیراعلیٰ نواب ثناء اللہ زہری کے حلقہ انتخاب سے متعلق دائر انتخابی عذرداری کی بھی سماعت ہوئی جس کے دوران سابق وزیراعلیٰ نواب ثناء اللہ زہری کے وکیل کی جانب سے جواب جمع کرانے کیلئے مہلت کی استدعا کی گئی جسے پر ٹریبونل نے عذرداری کی سماعت29اکتوبر تک کیلئے ملتوی کرنے کا حکم دیدیا۔

الیکشن ٹریبونل کے روبرو رکن قومی اسمبلی سیدمحمود شاہ کے حلقہ انتخاب سے متعلق دائر انتخابی اپیل کی بھی سماعت ہوئی سماعت کے دوران 4گواہان کے بیانات قلم بند کرکے ان پر جرح مکمل کرلی گئی بعدازاں ٹریبونل نے مزیدگواہان کوطلب کرتے ہوئے سماعت27اکتوبر تک کیلئے ملتوی کردی ۔

الیکشن ٹریبونل کے روبرو پاکستان تحریک انصاف کے رکن صوبائی اسمبلی نعمت اللہ زہری کے حلقہ انتخاب سے متعلق درخواست گزار ظفراللہ زہری کی جانب سے دائر انتخابی اپیل کی سماعت ہوئی جس کے دوران 2گواہان کے بیانات قلم بند کئے گئے بلکہ ان پر جرح بھی مکمل کرلی گئی ۔

مذکورہ انتخابی عذرداری کی سماعت5نومبر تک کیلئے ملتوی کردی گئی ہے ۔دریں اثناء رکن قومی اسمبلی محمدہاشم نوتیزئی کے حلقہ انتخاب سے متعلق سردارفتح محمد محمد حسنی کی جانب سے دائر انتخابی اپیل کی بھی سماعت ہوئی جس کے دوران کامیاب امیدوار محمد ہاشم نوتیزئی کی جانب سے جواب ٹریبونل میں جمع کرادیاگیا جس کے بعد سماعت کو 29اکتوبر تک کیلئے ملتوی کردیاگیا۔

علاوہ ازیں قومی اسمبلی کے حلقہ این اے266میں مبینہ دھاندلی سے متعلق جمعیت علماء اسلام کے حافظ حسین احمد کی جانب سے دائر انتخابی عذرداری کی سماعت ہوئی تاہم سماعت بغیر پیشرفت کے 29اکتوبر تک کیلئے ملتوی کردی گئی ۔

الیکشن ٹریبونل کے روبرو صوبائی مشیر عبدالخالق ہزارہ کی کامیابی کے خلاف پاکستان پیپلزپارٹی کے سحر گل خلجی اور بلوچستان عوامی پارٹی کے ولی محمد نورزئی کی جانب سے دائر انتخابی اپیلوں کی بھی سماعت ہوئی جس کے دوران الیکشن ٹریبونل نے گواہان کو طلب کرتے ہوئے سماعت 3نومبر تک کیلئے ملتوی کردی ۔