اسلام آباد: وفاقی وزیرخزانہ اسد عمر کا کہنا ہے کہ پچھلی حکومت ملک کو تباہ حالت میں چھوڑ کرگئی ہے اس کے باوجود ہماری حکومت آنے کے بعد ڈيزل 6 اور پیٹرول 2روپے سستا ہوا۔
وفاقی کابینہ کے اجلاس کے بعد پریس بریفنگ کے دوران وزیرخزانہ اسد عمر کا کہنا تھا کہ گزشتہ روز ای سی سی نے بجلی کی قیمتوں میں اضافے کی منظوری دی تھی جس کی توثیق آج وفاقی کابینہ نے کردی تاہم نیپرا رپورٹ کے مطابق بجلی کی قیمت 3 روپے 82 پیسے قیمت بڑھانے کی ضرورت تھی لیکن کابینہ نے بجلی کی قیمت میں ایک روپے 27 پیسے فی یونٹ اضافے کی منظوری دی کیوں کہ ہم نے اس مشکل ترین وقت میں بھی کمزور طبقے پر بوجھ نہيں پڑنے دیا۔
وفاقی وزیرخزانہ کا کہنا تھا کہ 70 فیصد گھریلو صارفین کے لیے بجلی کے نرخوں میں کوئی اضافہ نہیں کیا، اسکول اور اسپتالوں کے لیے بجلی کے نرخ میں کوئی اضافہ نہیں ہوگا، 5 کے وی سے کم بجلی کے استعمال کرنے والے کمرشل صارفین کے لیے بجلی کی قیمت میں کوئی اضافہ نہیں کیا۔
اسد عمر نے کہا کہ 300 یونٹ بجلی استعمال کرنے والے ایک کروڑ 76 لاکھ گھریلو کنکشن پر کوئی اضافہ نہيں ہوا، 300 سے 700 یونٹ تک بجلی استعمال کرنے والوں کیلیے 10 فیصد اضافہ اور اس سے اوپر والوں کیلیے 15 فیصد اضافہ کیا گیا ہے، زراعت کے لیے رعایتی نرخ 5 روپے 35 پیسے فی یونٹ پورے مالی سال کے لیے طے کرلیے ہیں۔
وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ پچھلی حکومت ملک کو تباہ حال میں چھوڑ کرگئی ہے لیکن پھر بھی ہماری حکومت آنے کے بعد ڈيزل 6 روپے اور پیٹرول 2 روپے سستا ہوا ہے جب کہ ہم پاور سیکٹرکے خسارے کو ختم کرنے کے لیے کوشش کر رہے ہیں، پچھلے سال بجلی کے نظام میں 453 ارب روپے کا خسارہ ہوا اور اگر اسی طرح چلتے رہے تو اس سال بجلی کے نظام میں 550 ارب کا خسارہ ہوسکتا ہے جب کہ ترسیلات زر کیلیے بھی بہت کام ہورہا ہے اور یہ ہمارا آخری آئی ایم ایف پروگرام ہوگا۔