اسلام آباد: توہین رسالت کیس میں سزائے موت یافتہ آسیہ مسیح کا نام ای سی ایل میں ڈالنے کی درخواست مسترد کردی گئی۔
اسلام آباد ہائی کورٹ کے جسٹس اطہر من اللہ اور جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب پر مشتمل ڈویژن بنچ نے آسیہ مسیح کا نام ای سی ایل میں ڈالنے کے لیے انٹرا کورٹ اپیل کی سماعت کی۔ عدالت نے آسیہ مسیح کا نام ای سی ایل میں ڈالنے کی درخواست مسترد کرتے ہوئے سنگل بنچ کا فیصلہ برقرار رکھا۔
دوران سماعت عدالت نے استفسار کیا کہ کیا سپریم کورٹ نے آسیہ کا نام ای سی ایل میں ڈالنے کی ہدایت کی؟۔ درخواست گزار کے وکیل نے بتایا کہ عدالت عظمی نے ایسا کوئی حکم نہیں دیا، تاہم ہمیں خطرہ ہے کہ نظرثانی اپیل سے قبل ملزمہ ملک سے فرار ہوجائے گی۔
جسٹس اطہر من اللہ نے کہا کہ سپریم کورٹ آسیہ مسیح کیس میں فیصلہ محفوظ کرچکی ہے، ہم عدالت عظمی کی کارروائی میں مداخلت نہیں کرسکتے۔ عدالت نے ای سی ایل پر نام ڈالنے کی استدعا مسترد کرکے درخواست نمٹادی۔
واضح رہے کہ سپریم کورٹ توہین رسالت کیس میں سزائے موت کے خلاف آسیہ بی بی کی اپیل پر فیصلہ محفوظ کرچکی ہے۔