|

وقتِ اشاعت :   November 5 – 2018

کراچی: شہر قائد کی مختلف سڑکوں پر بدترین ٹریفک جام سے لاکھوں شہری پھنس گئے۔

 کراچی کے مختلف علاقوں میں بدترین ٹریفک جام کے باعث عوام کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے، دفاتر، دکانوں سے چھٹی کرکے گھر جانے والے افراد پھنس کر رہ گئے۔ شہر کے تجارتی اور مرکزی علاقے صدر، لکی اسٹار، نمائش چورنگی، ایمپریس مارکیٹ، شارع فیصل ، آئی آئی چندریگر روڈ، کارساز اور ائیر پورٹ پر ہزاروں گاڑیاں ٹریفک جام میں پھنس گئیں۔

ترجمان ٹریفک پولیس کے مطابق ناتھا خان برج پر گڑھا بھرنے کا کام شروع ہوگیا ہے جس کی وجہ سے ایئرپورٹ جانے والے ٹریک پر ٹریفک دباؤ ہے، جب کہ صدر کے اطراف میں تجاوزات کے خلاف آپریشن کے باعث ٹریفک جام ہے۔

اطلاعات کے  مطابق شاہراہ فیصل  میٹرو پول ہوٹل سے لے کر ڈرگ روڈ تک گاڑیاں آہستہ آہستہ سفر کررہی ہیں۔ اس طرح ڈالمیا سے لے کر جوہر چورنگی اور وہاں سے کامران چورنگی تک گاڑیوں کی قطاریں لگی ہوئی ہیں۔

دوسری جانب آئی جی سندھ سید کلیم امام نے ٹریفک جام کے حوالے سے احکامات جاری کرتے ہوئے افسران کو مراسلہ لکھا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ ڈی آئی جی ٹریفک کراچی ٹریفک کی روانی کے لیے فوری اقدامات اٹھائیں، سیکشن افسران ٹریفک دباؤ میں آنے والی سڑکیں کلیئر کرائیں، متبادل روٹس پر ٹریفک اہلکاروں کو تعینات کیا جائے اور تھانہ پولیس اور ٹریفک پولیس باہم اشتراک سے سڑکوں پر ٹریفک کی روانی کو یقینی بنائیں جب کہ  زونل ڈی آئی جیز ٹریفک پولیس سے ہرممکن تعاون کو یقینی بنائیں۔