|

وقتِ اشاعت :   November 8 – 2018

اسلام آباد: سینٹ قائمہ کمیٹی برائے میر ی ٹائم افئیرزنے کراچی پورٹ ٹرسٹ ،پورٹ قاسم اتھارٹی اور گوادر پورٹ اتھارٹی میں بلوچستان کے جعلی ڈومیسائل پر بھرتی ہونے والے ملازمین اور افسران کی تحقیقات کرنے کی ہدایت کی ہے ۔

کمیٹی نے ڈومیسائل کے اجرا ء کے سست طریقہ کاراور بے قاعدگیوں پر بھی افسوس کا اظہار کیا ہے ۔سینٹ قائمہ کمیٹی برائے میری ٹائم افیئرز کی جانب سے پیش کی جانے والی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ کراچی پورٹ ٹرسٹ ،پورٹ قاسم اتھارٹی ،کراچی فشریز اور گوادر پورٹ اتھارٹی میں بلوچستان کے ڈومیسائل پر جن ملازمین اور افسران کو بھرتی کیا گیا ہے اس کی دوبارہ تحقیقات کی ضرورت ہے ۔

رپورٹ میں بتایا گیا کہ ڈومیسائل کا مسئلہ صوبوں سے تعلق رکھتا ہے کمیٹی نے بلوچستان میں غیر مقامی افراد کو جعلی ڈومیسائل کے اجراء پر بھی اپنے تحفظات کا اظہار کیا ہے ۔

جس پر وزارت نے بتایا کہ بلوچستان میں ڈومیسائل کی تحقیقات کیلئے کسی قسم کا طریقہ کار نہیں ہے اور جب بھی اس حوالے سے کسی قسم خط و کتابت کی جاتی ہے تو اس میں شدید تاخیر کی جاتی ہے اور بعض اوقات کوئی جواب موصول نہیں ہوتا ہے کمیٹی نے ہدایت کی کہ بلوچستان میں بڑے پیمانے پر جاری ہونے والے جعلی ڈومیسائل کی تحقیقات کے لئے فوری طور پر طریقہ کار طے کیا جائے ۔