|

وقتِ اشاعت :   November 8 – 2018

کوئٹہ : بلوچستان نیشنل پارٹی کے اراکین صوبائی اسمبلی میر بابو محمد رحیم مینگل ثناء بلوچ اور ملک نصیر شاہوانی نے کہاہے کہ بلوچستان کے عوام کا دارومدار اور بلوچستان کے معیشیت کا تمام تر انحصار زراعت پر منحصر ہے۔

بلوچستان میں زراعت کو مزید ترقی دینے کے لئے زمینداروں اور کسانوں کے ساتھ حکومتی سطح پر بھرپور تعاون اور بجلی کے حوالے سے سبسڈی کی فوری بحالی وقت کی عین ضرورت ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے چیف انجنیئر کیسکو انجنیئر عطاء اللہ بھٹہ سے نوشکی اور خاران کے زمینداروں کے وفود کے ہمراہ گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

اس موقع پر زمیندار ایکشن کمیٹی نوشکی کے صدر میر محمد اعظم ماندائی حاجی شاہ زمان جمالدینی زمیندار ایکشن کمیٹی خاران کے صدر حاجی خدائے نظر ملنگزئی بی این پی کے مرکزی کمیٹی کے رکن میر خورشید جمالدینی و دیگر بھی موجود تھے۔

وفد نے کیسکو چیف کو زمینداروں کو درپیش مسائل کے حوالے سے آگاہ کرتے ہوئے کہاکہ کیسکو اور زمینداروں کا چولی دامن کا رشتہ ہے۔بلوچستان میں طویل خشک سالی اور بارشیں نہ ہونے کے وجہ سے زراعت تباہی کے دہانے پر پہنچ چکا ہے۔

زمیندار نان شبینہ کا محتاج ہوکر رہ گئے ہیں جبکہ بجلی کی طویل لوڈشیڈنگ اور ناقص وولٹیج کے باعث ٹیوب ویلوں کیقیمتی مشینریاں جلنے اور فصلوں کو مطلوبہ پانی نہ ملنے کے باعث زراعت پر انتہائی بڑے اثرات مرتب ہو رہے ہیں کیسکو بلوچستان زمینداروں کے ساتھ بھرپور تعاون یقینی بنائے تاکہ بلوچستان کے زمینداروں کو مسائل سے بچایا جاسکے اور زمینداروں کو ریلیف مل سکے۔

کیونکہ بلوچستان میں روزگار کے دیگر ذرائع نہیں ہے۔واحد ذریعہ معاش زراعت بھی متاثر ہوا تو بلوچستان کے لوگ بھوک سے مر جائیں گے اور بلوچستان میں انسانی المیہ بھی جنم لے سکتا ہے۔زمیندار بلوچستان کو بھوک سے بچا رہے ہیں۔بلوچستان میں توانائی کا مسئلہ انتہائی گھمبیر صورت حال اختیار کررہا ہے۔

بلوچستان کی واحد صنعت زمینداری داو پر لگ چکی ہے شدید خشک سالی میں مطلوبہ بجلی نہ ملنے کے وجہ سے فصلیں تباہ ہورہے ہیں جبکہ متعدد فیڈرز میں بجلی کی وولٹیج ناقص ہونے کے باعث بھی زمینداروں کے قیمتی مشینری جلنا روزمرہ کا معمول بن چکا ہے۔

بلوچستان میں بجلی کا مسئلہ ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کی ضرورت ہے اس سلسلے میں اراکین صوبائی اسمبلی پر مشتمل وفد عنقریب وفاق سے کیسکو کے مالی مشکلات اور بلوچستان میں بجلی کی صحیح ترسیل کے حوالے سے رابطہ کریگی اور کیسکو کے مالی مشکلات حل کرنے کی بھرپور کوشش کی جائیگی۔

زراعت کی ترقی اور کیسکو کے مالی مشکلات کے حل کے لئے وفاقی اور صوبائی حکومتوں کو کردار ادا کرنا ہوگا تاکہ بلوچستان کی معیشت کو مزید توانا بناکر لوگوں کے ذرائع آمدن کو بڑھایا جاسکے۔

وفد نے کیسکو چیف کو احمدوال فیڈر۔مینگل فیڈر۔سٹی 3 فیڈر۔کیشنگی فیڈر یونین کونسل مل کے تمام فیڈرز کے مسائل سے آگاہ کیا۔جبکہ احمدوال فیڈر کی فوری بحالی کے حوالے سے آگاہ کیا کیسکو چیف عطاء4 اللہ بھٹہ اور آپریشن ڈائریکٹر سعداللہ کاکڑ نے تمام مسائل کو ترجیجی بنیادوں پر حل کرنے کی یقین دہانی کرائی اور کیسکو کو درپیش مالی مشکلات کے حوالے سے آگاہ کیا۔