|

وقتِ اشاعت :   November 15 – 2018

کوئٹہ: صدر پاکستان ڈاکٹر عارف علوی سے وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال خان نے بدھ کے روز یہاں گورنر ہاؤس میں ملاقات کی، ملاقات میں وزیراعلیٰ نے صدر کو بلوچستان میں امن وامان کی صورتحال، جاری ترقیاتی منصوبوں اور صوبے کو درپیش مالی ودیگرمشکلات سے آگاہ کرنے کے علاوہ سیاسی امور پر تبادلہ خیال کیا۔

صدر مملکت نے کہا کہ بلوچستان ملک کا سب سے پسماندہ لیکن اہم صوبہ ہے، ماضی میں ناقص پالیسیوں اور عدم توجہی کے باعث بلوچستان دیگر صوبوں کے مقابلے میں پیچھے رہ گیا ہے تاہم اب وفاقی حکومت بلوچستان کو اس کا جائز مقام دے گی اور پسماندگی کے خاتمے کے لئے بھرپور تعاون کرے گی جبکہ بلوچستان کے وسائل کی ترقی کے لئے بھی صوبائی حکومت سے ہرممکن تعاون کیا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ بلوچستان درحقیقت پاکستان کا مستقبل ہے جو آئندہ برسوں میں ملک کی معاشی ترقی میں اہم کردار ادا کرے گا۔ انہوں نے یقین دلایا کہ بلوچستان کو درپیش مالی مشکلات کے حل کے لئے وہ وزیراعظم سے بات کریں گے۔ 

قبل ازیں صدر پاکستان ڈاکٹر عارف علوی ایک روزہ دورے پر بدھ کے روز کوئٹہ پہنچے تو وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال خان، صوبائی وزیر صحت نصیب اللہ مری اور دیگر حکام نے ان کا استقبال کیا۔