|

وقتِ اشاعت :   November 19 – 2018

کوئٹہ: آئی جی ایف سی بلوچستان میجر جنرل ندیم احمد انجم نے کہا ہے کہ سامنے سے نہیں لڑسکنے والے چھپ کر پیچھے سے وارکرتے ہیں صوبے کی ترقی امن وامان کی بحالی اور عوام کی خوشحالی کیلئے جدوجہد جاری رکھیں گے۔

ایف سی بلوچستان کا ہر سپاہی سے لیکر افیسر تک کی خواہش ہے کہ بلوچستان میں عوام سکون سے زندگی گزاریں صوبے میں ہر طرف سرمایہ کاری شروع ہو جب تک سرمایہ کاری نہیں ہوگی اس وقت تک ہم ترقی کی راہ پر گامزن نہیں ہوسکتے ۔

گزشتہ روز بلوچستان مائنز اونرز ایسوسی ایشن کی جانب سے ہونے والے ظہرانے سے خطاب کرتے ہوئے آئی جی ایف سی بلوچستان میجر جنرل ندیم احمد انجم کا کہنا تھا کہ ایک وقت تھا کہ کوئٹہ شہر میں خودکش حملہ آور نکل کر عوام کی زندگیوں سے کھیل رہے تھے لیکن ایف سی نے جانوں کا نذرانہ دیکر ایسے عناصر کی سازشیں ناکام بنادی انہوں نے کہاکہ دشمن ہمارے زندگیوں سے کھیل رہے تھے اور ملک کیخلاف طرح طرح پروپیگنڈے بھی کررہے تھے ۔

لیکن سیکورٹی فورسز اور دیگر ادارے عوام کے ساتھ ملکر ایسے عناصر کی کوشش ناکام بنادی اور حکومتی رٹ کو قائم کرنے کیلئے کامیاب ہو گئے ۔ ان کا کہنا تھا کہ اب بھی کچھ عناصر دل سے تسلیم کرتے ہیں کہ ہم لڑ نہیں سکتے لیکن بعض اوقات چھپ کر پیچھے سے وار کرتے ہیں ۔

اس پر قابو پانا بھی سیکورٹی اداروں کی کوشش ہے کہ جلد مزید رٹ بھی قائم کرکے عوام کو خوشحالی اور روزگار کے مواقع فراہم کرینگے ایف سی سرحدوں کی حفاظت شہریوں کی دیکھ بھال کے ساتھ ایسے علاقوں میں میڈیکل کیمپ کا انعقاد کیا ہے ۔

جس کیلئے حکومتی مشینری وہاں تک نہیں پہنچی ہم نے کیمپ کا انعقاد کرکے عوام کے مفت علاج و معالجہ اور ادویات فراہم کی ہے ایف سی تعلیم کی بہتری کیلئے بھی کوشاں ہے اور اس وقت ہمارے100کے قریب تعلیمی ادارے ،60میڈیکل سینٹرز ،سالانہ180فری میڈیکل کیمپ کا انعقادجبکہ 8ہزار طلباء کو سکالر شپس فراہم کررہی ہے جن میں ایسے طلباء بھی شامل ہے جو ملک سے باہر تعلیم حاصل کرتے ہیں اسی طرح بعض علاقوں میں راشن بھی تقسیم کررہی ہے۔ 

اس موقع پر ہرنائی کھوسٹ کول مائنز کے چیف ایگزیکٹیو سعید آغا،قبائلی رہنماء سردار باز محمد کاکڑ ،امجد خان ،انجمن تاجران کے صدر سید رحیم آغا ،صرافہ ایسوسی ایشن کے صدر محمد نعیم و دیگر نے بھی خطاب کیا ۔

جبکہ اس موقع پر ڈی آئی جی ایف سی بریگیڈئیر پرقان ، سابق صوبائی وزیرسردار یحییٰ خان ناصر، سردار علی احمد جو گیزئی،سابق سینیٹر سیف اللہ پراچہ،قبائلی رہنماء ملک امان اللہ کاکڑ ،ملک عبدالحئی کاکڑ،علاؤ الدین خان ہوتک،ملک اسرار ترین،ملک مہراللہ ترین ،رؤ ف درانی ،عباس ،ملک حسن ،حاجی بابو ،نعیم شہزاد ،داؤد صراف ،عثمان صراف ،نوابزادہ اسماعیل جوگیزئی و دیگر بھی موجود تھے۔