|

وقتِ اشاعت :   November 21 – 2018

کوئٹہ : بلوچستان نیشنل پارٹی کے مرکزی سیکرٹری اطلاعات ایم این اے آغا حسن بلوچ ایڈووکیٹ نے گزشتہ روز گورنمنٹ بوائز مڈل سکول حبیب اللہ کول سورینج ، رول ہیلتھ سینٹر حبیب اللہ کول کمپنی سینٹرل ٹنل سورینج ، مارگٹ کلی محمد شہی سنجدی مارواڑ کی سمالانی زڑی چشمہ ہنہ اوڑک ، کلی ببری ہنہ اوڑک کا تفصیلی دورہ کیا۔

حبیب اللہ کول کمپنی کی معتبر شخصیت حاجی محمد سعید کے گھر ان کی بھانجی کے انتقال پر تعزیت اور فاتحہ خوانی کی اس موقع پر رضا جان شاہی زئی ، میر کاول خان مری ، جاوید اقبال ، عمر حیات ،خالد رئیسانی ، محمد عاصم ، لیاقت کھیازئی ، میر عطاء اللہ محمد شہی ، محمد صفیح اللہ ساتکزئی بھی ان کے ہمراہ تھے ۔

گورنمنٹ بوائز مڈل سکول حبیب اللہ کول سورینج کے ہیڈ صاسٹر صاحبزادہ نسیم ، بختیار بڑیچ، ماسٹر دلاور ، ماسٹر محمد رفیق ، مولوی کریم گل نے اپنے سکول اسی طرح رول ہیلتھ سینٹر حبیب اللہ کول کمپنی سینٹرل ٹنل سورینج کے ایم ایس ڈاکٹر صاحبزار یار محمد ، ڈاکٹر تسلیم ، عظیم کاکڑ و دیگر نے اپنے مسائل ، سنجدی مارواڑ کے قبائلی عمائدین ملک محمد زمان ، حاجی بار جان ساتکزئی ، وڈیرہ سعد الہ و دیگر نے اپنے مسائل ، کلی ببری ہنہ واڑک کے عمائدین امیر جان کاکڑ ، نصیب اللہ ، سیف اللہ محمد حسنی نے اپنے مسائل ، کلی سمالانی زڑی چشمہ کے عمائدین حاجی بنی بخش سمالانی ، میر افسا اللہ سمالانی ، غلام رسول سمالانی و دیگر نے اپنے اپنے سکولوں ، ہیلتھ سینٹرز ، علاقوں کے مسائل سے آگاہ کیا۔

ایم این اے آغا حسن بلوچ ایڈووکیٹ نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ان علاقوں کی پسماندگی کو دیکھ کر دکھ ہوتا ہے سابقہ حکمرانوں نے ان علاقوں میں کوئی بھی ترقیاتی کام نہیں کیا بلکہ انہوں نے اپنے گروہی اور انفرادی مفادات کی تکمیل کو اہمیت دی آج یہ علاقے انسانی بنیادی ضروریات سے محروم ہیں ۔

بجلی ، گیس ، سکول ، صحت کے مراکز نہ ہونے کے برابر ہیں نوجوانوں بے روزگاری کسمپرسی کی زندگی گزارنے پر مجبور ہیں اور ماضی میں کوئی بھی ترقیاتی کام نہیں ہوا جس سے ایسا محسوس ہوتا ہے کہ یہاں پر صرف لوٹ مار کیا جاتا ہے عوام کے وسائل لوٹے گئے لیکن عوام کی ترقی پر کوئی توجہ نہیں دی گئی ۔

دس سالوں میں اربوں روپے مال غنیمت سمجھ کر لوٹ لیا گیا آج ان علاقوں کے لوگ کسمپرسی کی زندگی گزار رہے ہیں اس کی تمام تر ذمہ داری ایم این اے ، ایم پی ایز پر عائد ہوتی ہے جنہوں نے دانستہ طور پر ان علاقوں کو نظر انداز کرتے ہوئے محدود علاقوں میں ترقیاتی کام کئے ۔

انہوں نے کہا کہ بی این پی عوامی جمہوری جماعت ہے عوام نے جو مینڈیٹ دیا ہے اس پر پورا اتریں گے ان علاقوں کے ایم این اے اور ایم پی اے کا تعلق بی این پی سے ہے ہماری کوشش ہو گی کہ ہم عوام کے انسانی بنیادی ضروریات زندگی انہیں فوری طور پر مہیا کریں