کراچی : کونسل آف پاکستان نیوزپیپر ایڈیٹرز (سی پی این ای) نے بلوچستان کے وزیراعلیٰ جام کمال خان اورصوبائی وزیراطلاعات میرظہور بلیدی سے مطالبہ کیا ہے کہ بلوچستان کے اخبارات کے بقایاجات کی عدم ادائیگی کا نوٹس لیتے ہوئے مسئلہ کوجلدازجلد حل کیا جائے تاکہ صوبے کے اخبارات موجودہ مالی بحران سے نکل سکیں۔
سی پی این ای کے صدر عارف نظامی ، سیکریٹری جنرل جبارخٹک نے اپنے جاری کردہ بیان میں حکومت بلوچستان سے مطالبہ کیا ہے کہ بلوچستان کے اخبارات کے واجبات جو گزشتہ سات ماہ سے نہیں دیئے گئے ہیں ۔
ان کی فوری ادائیگی عمل میں لائی جائے کیونکہ بلوچستان کے اخبارات شدید مالی بحران سے دوچار ہیں جس کی وجہ سے اخبارات کو شدید مشکلات درپیش ہیں ۔ انہوں نے مزید کہا ہے کہ وزیراعظم پاکستان کی واضح کردہ ہدایات کے مطابق تمام صوبوں کے اخبارات کے واجبات فوری اد اکئے جائیں تاکہ بلوچستان سمیت صوبہ کے دیگر اخبارات موجودہ مالی مشکلات سے نکل سکیں۔
واضح رہے کہ بلوچستان کے اخبارات خاص طور پر مالی بحران کے باعث مختلف مسائل سے دوچار ہیں کیونکہ بلوچستان میں کوئی صنعت موجود نہیں اور ان کا دارومدار حکومتی اشتہارات پر منحصر ہے ۔
بلوچستان کے اخبارات کے بقایا جات کی عدم ادائیگی کا نوٹس لیاجائے، سی پی این ای
وقتِ اشاعت : November 23 – 2018