|

وقتِ اشاعت :   November 23 – 2018

کوئٹہ: مستونگ میں نامعلوم افراد کی فائرنگ سے دو افراد جاں بحق ہوگئے۔ پولیس کے مطابق فائرنگ کا واقعہ بدھ کی دوپہر مستونگ کے علاقے کلی شیخان میں گورنمنٹ بوائز اسکول کے قریب پیش آیا۔

گھات لگائے نامعلوم افراد نے خلیل احمد رند ولد مرزا خان اور میر حسن رند عرف جانان ماسٹر محمد رمضان کو اس وقت نشانہ بنایا جب وہ موٹر سائیکل پربازار سے اپنے گھر کی طرف جارہے تھے۔ فائرنگ کے نتیجے میں دونوں افراد جاں بحق ہوگئے۔ حملہ آور واردات کے بعد فرار ہوگئے۔ پولیس نے لاشیں سول ہسپتال مستونگ پہنچائیں۔ 

پولیس کا کہنا ہے کہ دونوں افراد کی عمریں پچیس سے اٹھائیس سال تھیں اور انہیں سر اور جسم کے اوپری حصوں میں گولیاں ماری گئیں جس سے موقع پر ہی ان کی موت ہوئی۔دونوں افرادمستونگ کے علاقے کلی شمس آباد کے رہائشی تھے۔ پولیس کے مطابق واقعہ کی مختلف پہلوؤں پر تفتیش شروع کردی گئی ہے۔