|

وقتِ اشاعت :   November 25 – 2018

 لاہور: مسلم لیگ(ن) کی ترجمان مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ حکومت کے ابتدائی 100 دنوں میں میرٹ کا قتل عام ہوا  جب کہ اس دوران  وزیراعظم قرض کے سوا کوئی معاشی پالیسی نہ دے سکے۔

ترجمان(ن) لیگ  مریم اورنگزیب نے پی ٹی آئی حکومت کے سودن مکمل ہونے پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ‎حکومت کے 100 دن کی کارکردگی مایوس کُن ہے اس دورانیے میں عوام پر جو قیامت گزری وہ الفاظ میں بیان نہیں کی جا سکتی،سو دن میں بولا گیا ہر لفظ جھوٹ اور کیا گیا ہر وعدہ تکمیل سے کوسوں دور ہے۔

انہوں نے کہا کہ  امید کے سو دن نا امیدی کی داستان بن گئے،  میرٹ کا قتلِ عام ہوا، عوام بدترین اذیت سے گزری، 100دن میں ایک کروڑ نوکری اور 50 لاکھ گھر گوگل پر منتقل ہوئے، سو دن عوام سائیکل کی سواری کرنے والے وزیراعظم کو تلاش کرتی رہی اور سو دن میں بنی گالہ میں وزیراعظم عمران صاحب کا سرکاری زمین پر قبضہ برقرار رہا۔

مریم اورنگزیب نے کہا کہ سودن کا تہلکہ خیز اور تاریخ کا سب سے بڑا یوٹرن عوام کے سامنے عیاں ہونے لگا ،سو دن میں سو تاریخی جھوٹ اور یوٹرن کی قسط قوم کے سامنے آنے والی ہے، عمران صاحب! سو دن پر یوٹرن لیتے ہوئے یاد رکھیں قوم سب کچھ جان گئی ہے،سودن پی ٹی آئی کی ہمیشہ کی طرح ، گالم گلوچ ، جھوٹ اورتماشوں کی کارکردگی برقرار ہے۔

ترجمان نے کہا کہ سو دن میں وزیراعظم قرض کے سوا کوئی معاشی پالیسی نہ دے سکے، حکمرانوں نے ملکوں ملکوں بھیک مانگ کر قوم کا سر شرم سے جھکایا۔

انہوں نے کہا کہ 100 دن میں صرف علیمہ باجی کی چوری اور منی لانڈرنگ پکڑی گئی اور ناکامیوں کو چھپانے کے لئے پاکستان مسلم لیگ (ن) کے پراجیکٹس کو اپنے کھاتے میں ڈالنے کی کوشش ہورہی ہے اور اشتہارات کے ذریعے 100 دن کی کارکردگی کا تماشہ کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔