|

وقتِ اشاعت :   November 27 – 2018

کوئٹہ: نیشنل پارٹی کے رہنماؤں نے کہا ہے کہ بلدیاتی انتخابات میں کامیابی حاصل کرنے کیلئے عوامی رابطہ مہم ضروری ہے ضلع تنظیم پارٹی کو منظم ،متحرک کرنے کیلئے تنظیم کاری کے عمل کے ساتھ عوام سے جوڑے رہیں مستونگ نیشنل پارٹی کا گڑھ رہا ہے اور بلدیاتی انتخابات میں کامیابی کے تسلسل کو جاری رکھا جائے گا ۔

ان خیالات کا اظہارنیشنل پارٹی وحدت بلوچستان کے صدر میر عبدالخالق بلوچ ،جنرل سیکرٹری خیر بخش بلوچ ،مرکزی ڈپٹی جنرل سیکرٹری خیر جان بلوچ ،ممبر مرکزی کمیٹی اسلم بلوچ نے نیشنل پارٹی ضلع مستونگ کے ضلع کابینہ کے انتخابات کے موقع پر ضلع کونسل کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔

اس موقع پر صوبائی انفارمیشن سیکرٹری علی احمد لانگو، و رکنگ کمیٹی کے ممبران ثمینہ ظفر، آغا فاروق، نومنتخب صدر نواز بلوچ ،بی ایس او پجار کے رہنما بابل مالک بلوچ ،سابق صدر فاروق شاہوانی ، عبدالمجید بنگلزئی بھی موجود تھے۔ 

ضلع کونسل اجلاس میں ضلع مستونگ کے مرکزی و صوبائی قائدین کی موجودگی میں انتخابات عمل میں لائے گئے تمام عہدیداروں کے لئے پارٹی ضلع کونسل کے اراکین نے کاغذات نامزدگی جمع کئے ۔

خفیہ رائے دہندگی کے ذریعے انتخابات کا عمل منعقد ہوا جس میں ضلع صدر نواز بلوچ ، نائب صدر نذیراحمد سرپرہ ،جنرل سیکرٹری سجاد دہوار ، ڈپٹی جنرل سیکرٹری آغا انور شاہ ، انفارمیشن سیکرٹری عبدالسلام بلوچ ،فنانس سیکرٹری محمد گل ، رابطہ سیکرٹری اعجاز بنگلزئی ، لیبر سیکرٹری حاجی نذیراحمد بگٹی ،یوتھ سیکرٹری شبیر احمد خلجی اور خواتین سیکرٹری دردانہ بلوچ منتخب ہوئیں اس موقع پر نومنتخب کابینہ کی حلف برداری کی تقریب بھی منعقد ہوئی ۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے پارٹی قائدین نے نومنتخب کابینہ کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ نومنتخب کابینہ پارٹی کو منطم اور متحرک کرنے کیلئے تمام صلاحیتیں بروئے کار لائے مستونگ نیشنل پارتی کا تنظیمی اور سیاسی حوالے سے مضبوط قلعہ رہا ہے نیشنل پارٹی نے ہمیشہ مستونگ کے عوام کے معاشی سیاسی اور سماجی حقوق کے حصول کیلئے بنیادی کردارادا کیا ہے اس لئے مستونگ کے عوام نے بھی نیشنل پارٹی کو ہمیشہ عوامی سیاسی مینڈیٹ دیا ہے ۔

خصوصابلدیاتی انتخابات میں نیشنل پارٹی نے ہمیشہ کامیابی حاصل کی ہے مقررین نے کہا کہ آج بلوچستان کھٹن سیاسی بحران سے دوچار ہے جہاں راتوں رات سیاسی حکومت کے خاتمے اور عوام سے عاری سیاسی جماعت بنائی جاتی ہے اوراسی جماعت کو کامیاب کرانے کیلئے ہر قسم کے غیر جمہوری عمل کو استعمال کیا جاتا ہے ۔

نیشنل پارتی کے نظریاتی کارکنوں پر بڑی زمہ داری عائد ہوتی ہے کہ وہ جعلی حکمرانوں کا مقابلہ کرنے کیلئے متحد رہیں اورپارٹی تنظیم کو متحرک رکھیں پارٹی کارکن آئندہ بلدیاتی انتخابات کی تیاری کریں اور انتخابات میں کامیابی حاصل کرنے کیلئے عوام کے ساتھ رابطے میں رہیں۔