کراچی: سابق صدر آصف علی زرداری اور ان کی ہمشیرہ فریال تالپورمنی لانڈرنگ کیس میں جے آئی ٹی کے سامنے پیش ہوگئے۔
سابق صدر آصف علی زرداری اور فریال تالپور کو منی لانڈرنگ کیس کی تحقیقات کرنے والی جے آئی ٹی نے طلب کیا تھا جس پر دونوں رہنما فرداً فرداً پیش ہوئے۔ آصف زرداری کے سوالوں کا جواب دینے کے بعد واپس روانہ ہوگئے۔ جے آئی ٹی ایف آئی اے، نیب اور حساس اداروں کے حکام پر مشتمل ہے۔
اس سے قبل آصف زرداری کی ہمشیرہ فریال تالپور ایف آئی اے کے دفتر پہنچیں جہاں جے آئی ٹی نے ان سے ایک گھنٹے تک سوال جواب کیے۔ فریال تالپور میگا منی لانڈرنگ اسکینڈل میں اپنا بیان ریکارڈ کرانے کے بعد واپس روانہ ہوگئیں۔
کیس کا پس منظر؛
ایف آئی اے نے 29 جعلی بینک اکاؤنٹس کا سراغ لگایا تھا جن کے ذریعے 35 ارب روپے کی منی لانڈرنگ کی گئی۔ اس کیس میں بہت بااثر شخصیات اور بعض بینکوں کے سربراہان کے نام سامنے آئے ہیں، جب کہ چیئرمین پاکستان اسٹاک ایکسچینج حسین لوائی سمیت آصف زرداری کے قریبی ساتھی اور اومنی گروپ کے مالک انور مجید سمیت کئی افراد زیر حراست ہیں۔