|

وقتِ اشاعت :   November 30 – 2018

کوئٹہ: نیب بلوچستان نے اربوں ر وپے کی بد عنوانی میں ملوث اسسٹنٹ ڈائریکٹر فوڈ شیر زمان ترین کو گرفتار کرلیا۔ 

ترجمان نیب کے مطابق احتساب بیورو نے مبینہ طورپر بیس کروڑ سے زائد غیر قانونی اثاثہ جات بنانے کے الزام میں اسسٹنٹ ڈائریکٹر فوڈ شیر زمان ترین کو کوئٹہ سے گرفتار کر لیا ہے ۔ابتدائی تحقیقات کے مطابق ملزم شیرزمان ترین نے کوئٹہ ، اسلام آباد سمیت ملک کے مختلف شہروں میں جائیدادیں بنارکھی ہیں ۔جبکہ ملزم کے خلاف کروڑوں روپے مالیت کی چھ سو ساٹھ ایکڑ زمین کی غیر قانونی الاٹمنٹ کے حوالے سے جاری انکوائری میں بھی اہم پیشرفت ہوئی ہے ۔

نیب ترجمان کے مطابق انکوائری کے دوران انکشاف ہوا ہے کہ ملزم شیرزمان نے محکمہ ریونیوکی ملی بھگت سے ہرنائی میں انتہائی قیمتی 660ایکڑ سرکاری زمین اپنے اور اپنے بھائیوں کے نام پر الاٹ کروائی ۔یاد رہے کہ ملزم شیرزمان ترین سابق صوبائی وزیراسفند یارکاکڑ ،سابق سیکریٹری خوراک اور دیگر کیخلاف اربوں روپے کی کرپشن کے تین ریفرنس پہلے سے ہی دائر ہیں۔