|

وقتِ اشاعت :   December 4 – 2018

خاران: آئی جی ایف سی ساوتھ سعید احمد اوگرا نے کہا ہے کہ بلوچستان کے عوام کا تعاون ایف سی کو حاصل ہے، اس وجہ سے دشمن کے آلہ کاروں کو چھپنے کی جگہ بھی نہیں مل رہی ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے خاران میں یوتھ ویلفیئر پروگرام کے تحت اسپشل بچوں کے اسکول کے افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا، اس موقع ڈسٹرکٹ چیئرمین صغیر احمد بادینی، سابق ضلعی ناظم میر شوکت بلوچ نے بھی خطاب کیا۔

تقریب میں سیکنڈ کمانڈ بریگئڈیر عرفان، کمانڈنٹ خاران رائفلز کرنل واجد,کرنل نسیم اظہر سمیت دیگر سیاسی اور قبائیلی عمائدین بھی شریک تھے، سعید احمد اوگرا نے کہا کہ آج کا دن ایک اہم دن ہے، اسپشل بچوں کی ایجوکشن کا اہتمام خوش آیئند ہے۔

انہوں نے کہا کہ ملک اور قوم کی ترقی کا راز اچھی اور کوالٹی ایجوکیشن میں پنہاں ہے،ہم نوجوانوں کے ہاتھوں میں کتاب اور قلم دیکھنا چاہتے ہیں ،تعلیم ہمارے خاص ترجیحات میں شامل ہے ،انہوں نے کہا کہ ہم امن و امان کے ساتھ ساتھ امن عامہ کے لئے بھی کوشش کر رہے ہیں ۔

عوام کی تعاون سے انشااللہ ہر مشکل سے مقابلے کے لئے تیار ہیں ،تقریب میں ایف سی پبلک اسکول اینڈ کالج کے طلبا و طالبات نے مختلف ٹیبلو اور ملی نغمے پیش کئے، اس موقع پر اسپشل بچے اور ان کے والدین بھی موجود تھے ،جن میں اسکول بیگ اور کتابیں تقسیم کئے گئے ۔