جھل مگسی : جھل مگسی ڈیزرٹ چیلنج جیپ ریلی 2018 اپنی رنگینیوں اور رعنائیوں کے ساتھ اختتام پذیر ہوئی جیپ ریلی 2018 میں 61 گاڑیوں نے حصہ لیا جیپ ریلی کو دیکھنے اور اس میں حصہ لینے کیلئے ملک بھر سے شوقین افراد موجود تھے اور ہزاروں کی تعداد میں لوگوں نے ڈیزرٹ جیپ ریلی کو دیکھا۔
جیپ ریلی 2018 کے مہمان خاص وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال خان تھے جیپ ریلی 2018 کومختلف کیٹیگری میں تقسیم کیا گیا جس میں اے پری پیڈ کیٹیگری میں نواب زادہ نادر خان مگسی نے میدان ما رلیا۔ جبکہ دوسرے نمبر پر آنے والے آصف فیصل چودھری تھے اور تیسرِ ے نمبر پرKPKکے بابر شاہ رہے۔
مختلف کیٹیگری میں کامیاب ہونے والے افراد کو ٹرافیاں اور نقد انعامات دیئے گئے۔ اس موقع پر وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال خان نے ریلی کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ صوبائی حکومت دیگر شعبوں میں بہتری کے ساتھ ساتھ کھیلوں کے فروغ کیلئے بھی بھر پور انداز میں کوشاں ہے۔
جیپ ریلی دیکھنے کیلئے ملک بھر سے آنے والے افراد کو بڑی تعداد میں شرکت کو دیکھ کر بہت خوشی ہوئی کیونکہ اس سے محبت کا پیغام جاتا ہے اور قومی یکجہتی کے ساتھ ساتھ معاشی سرگرمیوں میں بھی اضافہ ہو تا ہے اور اس سے اندازہ بھی لگا یا جاسکتا ہے کہ بلوچستان کے عوام کھیلوں کی سر گرمیوں کو پسند کرتے ہیں ۔
حکومت کار ریلی کے فروغ کیلئے ہر ممکن کوشش کریگی کیونکہ جہاں کھیلوں کے میدان آباد ہوتے ہیں وہاں ہسپتال ویران ہوتے ہیں۔ صوبائی وزیر نوابزادہ طارق مگسی اور علاقے کے عمائدین نے بھی تقریب میں شرکت کی۔
جھل مگسی جیپ ریلی اختتام پذیر،وزیراعلیٰ نے انعامات تقسیم کئے
وقتِ اشاعت : December 16 – 2018