|

وقتِ اشاعت :   December 18 – 2018

کوئٹہ: محکمہ صحت بلوچستان نے فرائض میں غفلت اورسرکاری احکامات نہ ماننے پر ڈاکٹروں کیخلاف کارروائی کی اور سول ہسپتال اینیستھزیا یونٹ کے گریڈ 19،18 اور گریڈ17 کے چار ڈاکٹروں کو معطل کردیا۔ 

محکمہ صحت کے اعلامیہ کے مطابق یہ کارروائی گائنی ایمرجنسی سول ہسپتال کے آپریشن تھیٹر میں مریضوں کو بروقت طبی امداد نہ دینے اور انسانی جانوں کو خطرے میں ڈالنے پر کی گئی۔ ڈاکٹر سلطان محمود، ڈاکٹر عقیل احمد ، ڈاکٹر عمران ناصر کو معطل کرنے کے علاوہ ان کی تنخواہوں میں اضافہ اور ترقی بھی روک دی گئی۔

گریڈ 19 کے چیف میڈیکل آفیسر ڈاکٹر سلطان محمود کی گریڈ 18 میں تنزلی بھی کردی گئی۔ کنٹریکٹ پر تعینات ڈاکٹر شاہ جہان کو ملازمت سے برخاست کردیا گیا۔ محکمہ صحت کے ایک اور اعلامیہ کے مطابق ڈاکٹر ثاقب بٹ اور ڈاکٹر منظور احمد کو چھٹیاں منسوخ کرکے اینستھزیا یونٹ میں رپورٹ کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔