|

وقتِ اشاعت :   December 21 – 2018

خضدار: ڈائریکٹر جنرل تعلقاتِ عامہ بلوچستان محمد نعیم بازئی نے کہاہے کہ محکمہ خصوصاً اضلاع وڈیڑنل آفیسرز کی کار کردگی کو مذید بہتر بنانے کے لئے آفیسران و اہلکاروں کی ہرممکن معاونت کی جائے گی اور انہیں سہولیات کی فراہمی کویقینی بنایا جائیگا نیز کوئٹہ سے باہر تعینات آفیسران و ملازمین اپنی استعداد کار کو مذید بہتربناکر اپنی جائے تعیناتی پر حاضری کو یقینی بنائیں ۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعرات کے روز خضدارڈویڑنل انفارمیشن آفس کے معائنے کے دوران کیا۔ اس موقع پر ڈویڑنل انفارمیشن انچارج ڈپٹی ڈائریکٹر ظفرعلی نے دفتر کی کار کردگی و مسائل سے انہیں آگاہ کیا۔ 

ڈی جی پی آر نے اس موقع پر بات چیت کرتے ہوئے کہاکہ صوبے کے دور دراز علاقوں میں حکومت کی جانب سے فراہم کی گئی سہولیات اور ترقیاتی منصوبوں کو اجاگر کرنے کے لئے محکمہ اطلاعات اپنی ذمہ داریاں احسن طریقے سے نبھارہاہے اور حکومت کی کوشش ہے کہ اس کے لئے محکمہ کو جدید خطوط پر استور کیا جائے نیز اضلاع ڈویڑنل سطح پر قائم آفیسز کو مذید سہولیات فراہم کی جائیں تاکہ آفیسران اور ملازمین دلجمعی کے ساتھ کام کرسکیں ۔

انہوں نے بتایاکہ محکمہ صوبے بھر کے ضلعی وڈویڑنل دفاتر کی اپنی عمارت و رہائشی کوارٹرزبنانے کے لئے متعلقہ علاقوں میں زمین الاٹ کرارہی ہے اس ضمن میں صوبائی حکومت نے اجازت نامہ جاری کردیا ہے ۔

بعدازاں ڈی جی پی آر نے ڈپٹی کمشنر خضدار میجر (ر) محمد الیاس کبزئی سے ملاقات کی اور رہائشی و دفترکے لئے اراضی الاٹمنٹ کے حوالے سے بات چیت کی اس موقع پر ڈپٹی کمشنر نے انہیں یقین دلایا کہ اس ضمن میں سرکاری زمین کی الاٹمنٹ کے لئے کام جاری ہے اور جلد ہی مناسب قطعہ اراضی محکمے کو ضروری قانونی کاروائی مکمل کرکے الاٹمنٹ کردی جائے گی۔