کوئٹہ: وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال خان نے کہا ہے ہمارے سیکورٹی فورسز اور عوام کی لازوال قربانیوں کی بدولت آج پورے بلوچستان میں امن قائم ہے اور ہم آزاد فضاء میں سانس لے رہے ہیں۔
بلوچستان کے لوگ پسماندگی اور وسائل کی کمی کی باوجود اپنے صوبے اور ملک کا نام روشن کر رہے ہیں جنہیں ہم خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے بلوچستان ایکسیلنس ایوارڈز کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔
تقریب میں ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی قاسم خان سوری، کمانڈر سدرن کمانڈ لیفٹینٹ جنرل عاصم سلیم جاجوہ، سینٹر انوارلحق کاکڑ صوبائی وزراء، اراکین اسمبلی اورمختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے لوگوں کی ایک بڑی تعداد نے شرکت کی۔ وزیر اعلیٰ نے شاندار تقریب کے شاندار انعقاد پر منتظمین اور باہر سے آئے ہوئے مہمانوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ بلوچستان ایکسیلنس ایوارڈ ان شخصیات کے لئے ایک چھوٹا سے تحفہ ہے ۔
جنہوں نے مختلف شعبوں میں اپنی مدد آپ کے تحت ملک اور صوبے کا نام روشن کیا ، وزیر اعلیٰ نے کہا کہ پچھلے دو سالوں سے ایکسیلنس ایوارڈ کا سلسلہ شروع کیا گیا ہے جو کے ایک اچھی روایت ہے جس کا بنیادی مقصد ان لوگوں کی کاوشوں اور کارکردگی کو تسلیم کرنا ہے جنہوں نے ملک اور صوبے کے لئے خدمات سرانجام دئیے۔
وزیر اعلیٰ نے کہا کہ بلوچستان میں پسماندگی زیادہ ہے لیکن یہاں ٹیلنٹ کی کمی نہیں ایسے لوگ موجود ہیں جنہوں نے مختلف شعبوں میں نمایاں کار کردگی کا مظاہر کیا، حکومت ایسے لوگوں کی سرپرستی جاری رکھے گی کیونکہ انہی لوگوں کی بدولت آج ہمارا سر فخر سے بلند ہے۔
وزیر اعلیٰ نے کہا کہ بلوچستان بہت دشواروں سے گزرنے کے بعد آج اس مقام پر پہنچا ہے، اللہ تعالیٰ کا بہت کرم ہے کہ آج میں ا س آزاد فضا ء میں سانس لے رہے ہیں جو کئی سال پہلے اسطرح موجود تھی، ہمارے لوگوں نے نہ صرف صوبے بلکہ پورے ملک اور خاص طور پر کوئٹہ میں امن کے قیام کے لئے بڑی قربانیاں دی ہیں جن میں عام شہری ، سیکورٹری فورسز، اساتذہ، ڈاکٹرز اور ہمارے بچے شامل ہیں ہم ان کی قربانیوں کو خراج عقیدت پیش کرتے ہیں۔
وزیر اعلیٰ نے تقریب میں حصہ لینے والے فنکاروں کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ ان کی پرفارمنس اور ہفتوں کی محنت کی بدولت آج اس شاندار تقریب کا انعقاد ممکن ہوسکا اور ایکسیلنس ایواردکی پوری ٹیم بلخصوص پاک فوج کی کار کردگی کو سراہا۔ قبل ازیں وزیر اعلیٰ بلوچستان اور دیگر مہمانوں نے مختلف شعبوں میں اعلیٰ کار کردگی کا مظاہرہ کرنے والے لوگوں میں ایکسیلنس ایوارڈ تقسیم کئے۔
فورسز کی قربانیوں سے بلوچستان میں امن کی فضاء قایم ہے، وزیراعلیٰ
وقتِ اشاعت : December 26 – 2018