کوئٹہ: بلوچستان نیشنل پارٹی کے مرکزی رہنماء نوابزادہ حاجی میرلشکری خان رئیسانی نے محمد امتیازخان فاران کو کراچی پریس کلب کا صدر اور سعید سربازی کو نائب صدر منتخب ہونے پر مبارکباد دیتے ہوئے امید ظاہر کی ہے کہ نومنتخب کابینہ میڈیا پرعائد غیر اعلانیہ پابندیوں کو خاطر میں لائے بغیر مظلوم طبقات کی نمائندگی کا فریضہ سرانجام دے گی ۔
اپنے جاری ایک بیان میں نوابزادہ لشکری خان رئیسانی نے کہا کہ کراچی پریس کلب کے نومنتخب صدر اور انکی کابینہ کا انتخاب ایک ایسے وقت میں ہوا ہے جب سیاسی قیادت اور مظلوم طبقات کی آواز کو دبانے کیلئے ٹی وی چینلز پر فضول خرافات کو متعارف کرکے میڈیا پر غیر اعلانیہ پابندی عائد کی گئی ہے ۔
ٹی وی چینلزپر دکھائے جانے والے پروگرام کسی قوم کی ذہنی تربیت اورنشورنما نہیں کرسکتے ۔ میڈیاپر ایسی چیزیں دکھائی جارہی ہیں جن کا کوئی وجود ہی نہیں ان کو دکھانے کا مقصد لوگوں کومسلسل گمراہ رکھ کر اصل مسائل سے انکی توجہ ہٹانا ہے ۔
نیشنل میڈیا بلوچستان کے معاملات کو 24 گھنٹے میں 6 منٹ بھی دکھانا گوارہ نہیں کرتا میڈیا اگر صوبے کے معاملات کو 6 منٹ بھی آزادی سے رپورٹ کرے تو آج بلوچستان کے لوگوں کو جن بحرانوں کا سامنا ہے ان میں سے نصف کب کے حل ہوچکے ہوتے ملک میں میڈیا کی آزادی صرف اشتہارات چلانے تک ہے۔امید ہے ایسی صورتحال میں امتیازخان فاران اور انکے دوست مظلوم طبقات کی نمائندگی کا فریضہ بخوبی سرانجام دینگے ۔
نوابزادہ حاجی میر لشکری خان رئیسانی نے کراچی پریس کلب کے سالانہ انتخابات میں ’’دی ڈیمو کریٹس پینل ‘‘کے امتیاز خان فاران کو صدر ارمان صابر کو جنرل سیکریٹری ، سعید سر بازی کو نائب صدر، راجہ کامران کو خزانچی ، محمد حنیف اکبر کوجوائنٹ سیکریٹری خورشید عباسی ، شازیہ حسن، عبدالوحید راجپر،ابوالحسن،اشرف بھٹی،عتیق الرحمن، شعیب جٹ گوررننگ باڈی کے اراکین منتخب ہونے پر مبارکباد دی ہے
میڈیا بلوچستان کے معاملات رپورٹ نہیں کررہا ، لشکری رئیسانی
وقتِ اشاعت : December 31 – 2018