|

وقتِ اشاعت :   December 31 – 2018

کوئٹہ: بلوچستان کی متحدہ اپوزیشن جماعتوں کا آج ہونے والے ضمنی انتخاب اور 14 جنوری کو ہونے والے سینٹ انتخابات کے حوالے سے اہم اجلاس جمعیت علماء اسلام کے مرکزی سیکرٹری جنرل مولانا عبدالغفور حیدری کی صدارت میں جمعیت کے اپوزیشن رکن اصغرخان ترین کی رہائش گاہ پر منعقد ہوا ۔

اجلاس میں پشتونخواملی عوامی پارٹی کے صوبائی صدر عثمان کاکڑ عبدالرحیم زیارتوال ‘ عبدالقہارودان پارلیمانی لیڈر نصراللہ زیرے ‘ ڈسٹرکٹ چیئرمین پشین عیسیٰ ترین ‘ جمعیت علماء اسلام کے پارلیمانی و اپوزیشن لیڈر ملک سکندرایڈووکیٹ ‘ اراکین اسمبلی مولوی نوراللہ ‘ اصغرخان ترین ‘ سابق رکن قومی اسمبلی مولوی امیرزمان جمعیت کے ترجمان سید جانان آغا جبکہ بلوچستان نیشنل پارٹی کے مرکزی سینئرنائب صدر ملک عبدالولی کاکڑ ‘ پارلیمانی لیڈر ملک نصیرشاہوانی اور پیپلزپارٹی کے سحرگل خلجی ‘ حاجی موسیٰ جان خلجی اور ملک خان ولی ناصر سمیت دیگر نے شرکت کی ۔

اجلاس میں ملکی اور خاص کر بلوچستان کی سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا اور کوئٹہ حلقہ پی بی 26 کوئٹہ تھری پر آج ہونے والے ضمنی انتخاب کے حوالے سے لائحہ اور دھاندلی کو روکنے کے لئے منصوبہ بندی کر دی گئی جبکہ 14 جنوری کو پشتونخواملی عوامی پارٹی کے سینیٹرسرداراعظم موسیٰ خیل کے انتقال کے باعث ہونے والی نشست پر انتخابات کے حوالے سے بھی تفصیلی غوروغوض کیا گیا اور مزید ملاقاتوں اور بات چیت کرنے پر بھی اتفاق کیا گیا